معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر
لاہور(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق ندیم خان چیف سلیکٹر مصباح الحق اور 6 صوبائی کوچز کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔ندیم خان کا قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن میں کوئی کردار نہیں ہوگا اور ان کا شمار سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں نہیں ہوگا۔تمام 6 کوچز سے مسلسل رابطے میں رہنا ندیم خان کی ذمہ داری ہوگی، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میچز دیکھ کر تفصیلی رپورٹ تیار کرکے سلیکشن کمیٹی کو پیش کریں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اس حوالے سے کہا کہ ندیم خان ڈومیسٹک کرکٹ کا وسیع علم رکھتے ہیں۔وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ندیم خان چیف سلیکٹر مصباح الحق کو ان کے اہداف کے حصول میں مدد کریں گے۔