پی سی بی نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد کھلاڑیوں کے ڈانس کی ویڈیو کیوں لگائی؟ حقیقت سامنے آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے فوری بعد ایک ٹوئٹ کی جس میں کھلاڑیوں کو ڈانس کرتا دکھایا گیا۔
پی سی بی کے آفیشل اکاﺅنٹ سے کی جانے والی ٹویٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلاڑی خوشیاں منا رہے ہیں جبکہ اس موقع پر سرفراز احمد بھی ویڈیو میں موجود ہیں جنہیں ٹریننگ سیشن کے دوران ٹیم کا ایک ممبر باہر جانے کا اشارہ کر رہا ہے۔ یہ ٹویٹ سامنے آنے کے بعد تنقید کا سلسلہ شروع ہوا تو پی سی بی نے اسے ڈیلیٹ کر دیا اور اب اس کی وضاحت بھی کر دی ہے۔
نجی خبر رساں ادارے ’جیو نیوز‘ کے مطابق پی سی بی حکام نے ٹویٹ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غلطی ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ ایک سال بعد ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز ہوگا جس کیلئے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوئی ہے، اسی حوالے سے تمام کرکٹ بورڈز نے ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا البتہ پی سی بی کی جانب سے ویڈیو کی شیئرنگ اور سرفراز کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے ٹائمنگ میچ ہونے سے غلط تاثر پیدا ہوا۔