ملتان سلطانز کیخلاف کیا کارروائی کی جائے؟ پی سی بی نے دیگر فرنچائزز نے مشورہ مانگ لیا مگر کیوں؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

ملتان سلطانز کیخلاف کیا کارروائی کی جائے؟ پی سی بی نے دیگر فرنچائزز نے مشورہ ...
ملتان سلطانز کیخلاف کیا کارروائی کی جائے؟ پی سی بی نے دیگر فرنچائزز نے مشورہ مانگ لیا مگر کیوں؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عدم ادائیگی پر ملتان سلطانز کیخلاف ایکشن لینے کیلئے دیگر ٹیموں سے رائے طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائززکو قوانین کے تحت ہر ایڈیشن سے 6ماہ قبل مکمل فیس کے مساوی رقم کی بینک گارنٹی جمع کرانا ہوتی تھی،ٹیم مالکان کے مطالبے پر گزشتہ دنوں پی سی بی نے انہیں اختیار دیا کہ بعد کی تاریخوں کے چیک بھی دے سکتے ہیں اور اس کیساتھ ہی ادائیگی کیلئے 10 اکتوبر کا وقت دیا گیا جس دوران 5 فرنچائزز نے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کر دیں۔
اسلام آباد یونائٹیڈ نے بینک گارنٹی جمع کرا دی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز،کراچی کنگزاور پشاور زلمی نے چیک بھیج دئیے البتہ ملتان سلطانز کی جانب سے تاحال کوئی چیک نہیں ارسال کیا گیا،اس معاملے میں تازہ پیش رفت تب ہوئی جب بورڈ کی جانب سے دیگر پانچوں فرنچائزز کو ایک ای میل ارسال کی گئی۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ای میل میں لکھا گیا ہے کہ چونکہ ملتان سلطانز نے مقررہ تاریخ تک چیک نہیں دیا تو مشورہ دیں اس کیخلاف کیا ایکشن لیا جائے، دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ گورننگ کونسل میٹنگ میں یہ طے ہو گیا تھا کہ اگر کسی ٹیم نے اب تاخیر کی تو اسے اگلے 2سال تک ایونٹ سے 12ماہ قبل بینک گارنٹی جمع کرانی ہو گی،اس کے باوجود بورڈ نے خود فیصلے کے بجائے مشاورت کو ترجیح دی۔
اس حوالے سے رابطے پر ملتان سلطانز کے جنرل منیجر حیدر اظہر نے کہا کہ گزشتہ ماہ میٹنگ سے قبل ہی ٹیم کے مالک عالمگیر خان ترین ملک سے باہر چلے گئے تھے، اسی لئے میرے ساتھ تیمور ملک شریک ہوئے، ہم نے بورڈ کو ای میل میں بتا دیا تھا کہ عالمگیر خان کی واپسی پر 25 اکتوبر تک چیک جمع کرا دینگے، ہم پی ایس ایل معاہدے کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرینگے۔

مزید :

کھیل -