اپوزیشن جماعتیں احتجاج نہیں 2023کے انتخابات کا انتظار کریں:چوہدری محمدسرور
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں احتجاج نہیں 2023کے انتخابات کا انتظار کریں‘ جب عوام نے ہمیں 5سال حکومت کا مینڈ یٹ دیاہے تو اپوزیشن کے پاس استعفیٰ مانگنے کا کوئی جواز نہیں‘ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں‘ بھارت نے مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے کشمیر کو عقوبت خانے میں بدل دیا ہے ہم کشمیر یوں کیساتھ ہیں۔
گور نر ہاؤس لاہور میں تحر یک انصاف کے ایم این اے ملک نواب شیر وسیر اور شوکت بسراء کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی اور انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر یں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے دن رات کوشاں ہے اور کامیابی کیساتھ آگے بڑ ھ ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کے نتیجے میں عالمی سطح پر دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے ایران اور سعودی عرب کے کامیاب دورے کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ امن کا قیام بھی ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کروانے کا بھارتی منصوبہ مکمل طور پر فلاپ ہو اہے بدقسمتی سے بھارت خطے میں امن ترقی اور خوشحالی کا سب سے بڑا دشمن ہے اور کشمیر یوں پر بھارتی مظالم بھی پوری دنیا کے سامنے آرہے ہیں۔
قبل ازیں پاکستان میں سپین کے سفیر مینول ڈورین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے سپین کا مختلف شعبوں میں تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سر مایہ کاری کے مواقع موجود ہے اور ہم سپین سمیت دنیا بھر کے سر مایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں وہ پاکستان میں سر مایہ کاری کر یں ہم انکو مکمل سیکورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔