مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیاہے کہ خان صاحب، آپ اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں بند اور سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے بڑی سوچ کی اعلی مثال قائم کر رہے ہیں،کس قانون کے تحت آپ نے انڈر ٹرائل لوگوں کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا ہوا ہے؟ سیاسی مخالفین پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہونے کے غصے میں آپ نے ان کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا ہوا ہے،عمران صاحب آپ کی بڑی سوچ مخالفین کو گالی دینا ، تضحیک کرنا اور عزتوں سے کھیلنا ہے لیکن یاد رکھیں عزت دینا اور لینا صرف اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے ۔
مریم اورنگزیب کی طرف سےجاری بیان میں کہا گیاہے کہ سیاسی اسیران دہشت گرد، کلبھوشن، ابھی نندن ہیں کہ انہیں عادی مجرموں، قاتلوں کے قید خانوں میں رکھا گیا ہے؟ سلیکٹڈ وزیراعظم کے حواری چوروں، ڈاکووں، جھوٹوں، منی لانڈررز اور غنڈوں کا احتساب کب، کہاں اور کون کرے گا؟سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے آٹا، چینی ، سبزی،گوشت، روٹی ، دودھ اور دالیں سستی نہیں ہوں گی ۔مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے،سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے بے روزگاری ، غربت میں کمی اورترقی کی شرح بڑھ نہیں جائے گی،سیاسی مخالفین کواغوا کرکےسزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے ایک سال میں تاریخی11000 ارب سے زائدکا قرض چھپ نہیں سکتا، سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے آپ کی نالائقی چھپ نہیں سکتی ۔مریم اورنگزیب نے کہا سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے پشاور میٹرو مکمل نہیں ہوگی ،سیاسی مخالفین کو اغوا کر کے ، سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے سے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں مل سکتے ۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے عمران خان کا نام لیکر کہا آپ کی بڑی سوچ نواز شریف اور شہباز شریف سے سیاسی انتقام سے شروع اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے،آپ کی بڑی سوچ مریم نواز کو بچوں سے نہ ملنے دینے سے شروع ہوکرڈاکٹر سے ملاقات پر پابندی پر ختم ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی بڑی سوچ نواز شریف کا جیل میں اے سی، کھانا اور ٹی وی بند کرنے سے شروع اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے، عمران صاحب آپ کی بڑی سوچ رانا ثنااللہ پر 21 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنا کر اور ان کو سزائے موت کی چکی میں رکھنے سے شروع اور ختم ہوجاتی ہے ۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا عمران صاحب آپ کی بڑی سوچ حمزہ شہباز کا کھانا بند کرنے سے شروع اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے ، عمران صاحب آپ کی بڑی سوچ سعد رفیق ، سلمان رفیق ، شاہد خاقان عباسی ، مفتاع اسمائیل اور کامران مائیکل کو جیلوں میں ڈالنے سے شروع اور ختم ہوجاتی ہے ،آپ نے جتنے سیاسی مخالفین کو بند کیا ہے، آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔