مساجد امن کا گہوارہ ہیں، ان پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونیوالے بم دھماکوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر بہت افسوس ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مساجد امن کا گہوارہ ہیں،مساجد پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔وزیر خارجہ نے افغانساتان بم دھماکوں میں جاں بحق ہونیوالوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا کی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں افغانستان میں شہریوں کی ہلاکت میں 42فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں رواں سال یکم جولائی سے 30ستمبر تک افغانستان میں ایک ہزار 174 شہری ہلاک اور 3ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔یاد رہے کہ افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 66 نمازی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ننگرہار صوبے کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے کہا کہ مسجد کے اندر رکھے دھماکا خیز مواد کے نتیجے میں کئی دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں مسجد مکمل طور پر شہید ہو گئی۔