لاڑکانہ ضمنی الیکشن میں شکست کیوں ہوئی؟بلاول بھٹو زرداری کو ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی
کراچی(صباح نیوز) ضمنی الیکشن میں جی ڈی اے کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ میں شکست پر ابتدائی رپورٹ مقامی رہنماؤں کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو پیش کی گئی ہے، بیڈ گورننس سمیت مقامی و پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت کے درمیان اختلافات ضمنی الیکشن میں شکست کی بنیادی وجہ قرار دیئے گئے ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ضمنی الیکشن میں امیدوار نامزد نہ کیے جانے پر نالاں تھے، صوبائی وزیر سہیل انور سیال اپنے بھائی طارق سیال کو امیدوار نامزد کرنے کے خواہشمند تھے، بلاول بھٹو زراری کی جانب سے ضمنی الیکشن سے پہلے لاڑکانہ میں ضلعی تنظیم کو بھی تحلیل کرتے ہوئے کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی تھی لیکن 10 ہزار سے زائد ووٹ کی حامل شیخ برادری نے ایڈوائزی نا ملنے پر کوآرڈینیشن کمیٹی میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا تھا،چیئرمین پیپلز پارٹی کا انتہائی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔