صوبے میں صحت دشمن سرگرمیوں کیخلاف بھی کڑے اقدامات کرینگے: مرتضی وہاب

صوبے میں صحت دشمن سرگرمیوں کیخلاف بھی کڑے اقدامات کرینگے: مرتضی وہاب
صوبے میں صحت دشمن سرگرمیوں کیخلاف بھی کڑے اقدامات کرینگے: مرتضی وہاب

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)   وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر  بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوامی مقامات بشمول نجی و سرکاری تعلیمی ادارے، نجی و سرکاری دفاتر، ریسٹورنٹس، ساحل سمندر، تفریحی پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی یقینی بنانے اور صحت دشمن سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے بھی حکومت سندھ کڑے مگر عوام دوست اقدامات لینے جارہی ہے۔

محکمے کے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر ماحولیات مرتضی وہاب نے کہا کہ عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات نہ ہونے اور وہاں دن بہ دن بڑھتی ہوئی صحت شکن سرگرمیوں کی مستقل شکایات موصول ہورہی ہیں ،بہت سے والدین نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ ان کےسکول و کالج جانے والے بچے مختلف تمباکو ملی اشیاء کھانے کے عادی ہوتے جارہے ہیں جبکہ بہت سے ہوٹلوں پر صحت دشمن اشیاء کی فراہمی کی شکایات بھی عام ہیں۔مشیر ماحولیات نے کہا کہ جس طرح پلاسٹک بیگز پر پابندی کو لوگوں نے خوش آمدید کرتے ہوئے اسے کامیابی سے ہمکنار کیا بالکل اسی طرح حکومت کو امید ہے کہ عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی یقینی بنانے اور وہاں صحت دشمن سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو بھی زبردست عوامی پذیرائی حاصل ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ابتدائی ہوم ورک جاری ہے اور بہت جلد اس ضمن میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سخت اقدامات لیے جائیں گے تاکہ سندھ کے عوامی مقامات کا مجموعی ماحول بہتر ہو اور وہاں مثبت اور صحت مند سرگرمیاں فروغ پاسکیں۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی