پیپلز پارٹی کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا دوسرا ”پاور شو“آج،کراچی میں میدان تیار،سکیورٹی پلان انتظامات مکمل

پیپلز پارٹی کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا دوسرا ”پاور شو“آج،کراچی میں میدان ...

  

 کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کی میزبانی میں گیارہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد”پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ“کے تحت حکومت مخالف تحریک کے سلسلہ میں دوسرا پاور شو آج بروز اتوارباغ جناح نمائش چورنگی پرمنعقد ہوگا۔پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی کے مطابق جلسہ سے پی ڈی ایم کی مر کز ی قیادت خطاب کریگی،جس میں مولانا فضل الرحمن، بلاول بھٹو زرداری،مریم نواز،شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال،مولانا شاہ اویس نورا نی، علامہ ساجد میر،ڈاکٹر عبدالما لک، افتخارحسین، امیرحیدرخان ہوتی، ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی دیگررہنما شامل ہونگے جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ و جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کراچی پہنچ گئے ہیں،جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے آج دوپہر12بجے کراچی پہنچیں گی،ذرائع نے بتایا مریم نواز کراچی پہنچنے کے بعد مزار قائد پر حاضری بھی دیں گی۔پارٹی کے مرکزی رہنما بھی مریم نواز کے ہمراہ ہونگے۔دوسری طرف کراچی باغ جناح میں اپوزیشن کے جلسے کی سکیورٹی کیلئے پلان تیار کرلیا گیا، 4500 سے زائد اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہوں گے، اہم رہنماؤں کوایس ایس یو،اسپیشل برانچ سکیورٹی فراہم کرے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے جنا ح گراؤنڈکوسکیورٹی کلیئرنس کے بعدسیل کردیاجائیگا، ڈسٹرکٹ پولیس،ایس ایس یواوراسپیشل برانچ سکیورٹی فراہم کریگی جبکہ بی ڈی یوکی ٹیمیں جلسہ شروع ہونے سے پہلے سوئپنگ کریں گی۔ باغ جناح میں 50ہزارکرسیاں لگائی گئی ہیں جلسہ گاہ کے پانچ مرکزی گیٹ ہیں جس میں تین مردوں کیلئے ایک خواتین اورایک گیٹ مرکزی قائدین کی آمدور فت کیلئے مختص ہے جلسہ گاہ میں تمام پارٹیوں کے پرچم اورخیرمقدمی بینرآویزاں کیے گئے ہیں، سانڈ اورلائٹنگ کے خصو صی انتظامات کیے گئے ہیں،جلسہ کا اسٹیج کنٹینرسے بنایا گیا ہے جو بیس فٹ اونچا ایک سوساٹھ فٹ چوڑا اورایک سوساٹھ فٹ لمبا ہے، پیپلزپارٹی کے 15سوورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے،اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس میں اندرونی سکیورٹی کے علاوہ ٹریفک کنٹرول،پانی پلانے،کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کرانے اوردیگرامورکی انجام دہی شامل ہے۔جلسہ گاہ میں خواتین کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے جہاں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ورکرزڈیوٹی انجام دیں گی۔ جلسہ گاہ کے اطرا ف میں انتظامیہ کیساتھ ملکر پارکنگ اور سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظاما ت کیے گئے ہیں،مختلف قافلوں کی آمد کیلئے مختلف روٹ کا تعین کیا گیا ہے، جلسہ گاہ میں داخلے سے پہلے تمام داخلی گیٹ پرواک تھروگیٹ رکھے گئے ہیں، منتظمین جلسہ کی جانب سے شرکاء میں ماسک فراہم کیے جائیں گے اورداخلے سے قبل شرکا ء کے ہاتھوں کوسینی ٹائزڈ کیا جائیگا،جلسہ کا آغاز شام ساڑھے چاربجے ہوگا۔ جلسہ کے سٹیج پر مرکزی سکرین کیساتھ اسی فٹ لمبی اوراسی فیٹ چوڑی ایس ایم بی اسکرین نصب کی گئی، جلسہ گاہ کے اطراف سڑکوں پربھی سانڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے جلسہ سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا ویڈیولنک خطاب متوقع ہے، سابق صدرآصف زرداری علیل ہونے کی وجہ سے جلسہ میں شریک ہونگے نہ ان کے ویڈیولنک خطاب کا امکان ہے، جبکہ اسفندیارولی خان طبیعت خرابی کے باعث جلسہ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

پی ڈی ایم جلسہ

مزید :

صفحہ اول -