تربت میں سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارتی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید،3زخمی

  تربت میں سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارتی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار ...

  

 تربت، کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)صوبہ بلوچستان کے جنوبی شہر تربت میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع تربت سے 35کلو میٹر کے فاصلے پر واقع جھکی پوسٹ کی پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیساتھ فائر نگ کے تبادلے میں لانس نائیک وسیم اللہ شہید ہوگیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان زخمی ہوئے۔گزشتہ پانچ روز کے دوران 22 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، 15 جوانوں نے بلوچستان جبکہ 6 نے شمالی وزیرستان جبکہ ایک نے باجوڑ میں جام شہادت نوش کیا۔ دو روز قبل بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اورماڑا میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے کارواں پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 سکیورٹی گارڈز سمیت سکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار شہید ہوگئے تھے،سکیورٹی فورسزکے جوانوں نے مؤثر جواب دیا اور او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں جائے وقوع سے بحفاظت نکال لیا۔دہشت گردوں کیساتھ مقابلے میں شہید ہونیوالے جوانوں میں پنجاب کے ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے صوبیدار عابد حسین، سبی کے نائیک محمد انور، ڈیرا غازی خان سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک افتخار احمد، چکوال کے رہائشی سپاہی محمد نوید، بلوچستان کے ضلع پشین سے لانس نائیک عبداللطیف اور میانوالی سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد وارث شامل تھے۔اسی روز خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں 24 سالہ کیپٹن عمر فاروق، 37 سالہ نائب صوبیدار ریاض احمد، 44 سالہ نا ئب صوبیدار شکیل آزاد، 36 سالہ حوالدار یونس خان، 37 سالہ نائیک محمد ندیم اور 30 سالہ لانس نائیک عصمت اللہ شہید ہوئے۔قبل ازیں 12 ستمبر کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میر انشا ہ کے بویاروڈ پر میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب ہونیوالے ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 33 سالہ سپاہی ساجد شہید ہو گئے۔4 ستمبر کو بھی شمالی وزیرستان میں شگانشپا روڈ پر گھیریوم سیکٹر میں سڑک کی مرمت کرنیوالی ٹیم کی حفاظت پر مامور پاک فوج کے دستے کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا۔پا کستا ن آرمی وطن عزیز میں امن و استحکام لانے میں ہی مسلسل کوشاں اور مصروف نہیں بلکہ خطے میں بھی امن کیلئے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے، ملک دشمن قوتیں دو دہائیوں کی کوششوں سے حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو ناکام بنانا چاہتی ہیں۔ملک میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہورہا ہے، بھارتی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کی ڈاکٹرائن میں پاک فوج کو بدنام کرنا ہے، کئی سابق بھارتی آرمی چیف اور سبرامینیم سوامی جیسے بھارتی سیاستدان پاکستان کو توڑنے کی کھلے عام دھمکی دے چکے ہیں۔پاکستان سٹاک ایکسچینج اور بلو چستا ن میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، خطے میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں، افغان امن عمل میں امریکہ نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا، کورونا اور ٹڈی دل کیخلاف پاکستان کی کوششوں کو بھی بھرپور سراہا گیا،پاکستان فوج دشمن طاقتوں کے منصبوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔

تربت حملہ

مزید :

صفحہ اول -