کورونا وباء کے باعث 85فیصد پاکستانی آمدن میں کمی کا شکار

کورونا وباء کے باعث 85فیصد پاکستانی آمدن میں کمی کا شکار

  

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)گیلپ پاکستان کے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 85 فیصد پاکستانی کورونا کے باعث آمدن کم ہونے پر شدید پریشان ہیں، گھر کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے کھانا کم کھانے، سستی غذائی اشیاء استعمال کرنے اور رشتہ داروں سے مدد ما نگنے والوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔کورونا وباء سے عام آدمی کی معاشی حالت مزید خراب ہوئی ہے جس میں اب تک بہتری نہیں آ سکی۔گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے جس میں ملک بھر سے 2100 سے زائد افراد نے حصہ لیا، یہ سروے 9 ستمبرتا 2 اکتوبر کے درمیان کیا گیا۔سروے میں عوام کی اکثریت نے کورونا کی وبا کے دوران گھریلو آمدنی میں کمی کی شکایت کی۔ گزشتہ سروے میں 84 فیصد افراد نے آمد ن میں کمی ہونے کا کہا تھا جبکہ موجودہ سروے میں یہ شرح 85 فیصد نظر آئی، آمدن میں کوئی فرق نہ کہنے والوں کی شرح 16 فیصد سے کم ہو کر 14 فیصد ہوگئی۔اسی طرح گھر کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے کھانے میں کمی کا گزشتہ سروے میں 09 فیصد افراد نے کہا تھا لیکن مو جو دہ سروے میں ایسا کہنے والوں کی شرح 3 فیصد اضافے کے بعد 12 فیصد ہوگئی۔گھر کی بنیاد ی ضروریات پوری کرنے کیلئے سستی غذائی اشیاء کے استعمال کا کہنے والے افراد کی شرح گزشتہ سروے میں 10 فیصد تھی جو 6 فیصد اضافے کے بعد اب 16 فیصد پر آگئی۔گز شتہ سات دنوں میں بنیادی ضروریات کیلئے رشتہ داروں یا عزیزوں سے مدد لینے کا کہنے والے افراد کی شرح گزشتہ سروے کے مقابلے میں 10 فیصد اضافے کے بعد اب 21 فیصد پر آگئی ہے۔سروے میں یہ دیکھا گیا کہ گھریلو ضروریات پوری کرنے کیلئے عوام کا انحصار جمع پونجی پر کم ہورہا ہے۔گزشتہ سروے میں 10 فیصد افراد نے جمع پونجی استعمال کرنے کا بتایا تھا جبکہ موجودہ سروے میں 6 فیصد نے ایساکرنے کا کہا۔ مگر یہ تعداد بھی ملکی آبادی کے تناسب سے 72 لاکھ بنتی ہے۔ اخراجات پورے کرنے کیلئے گزشتہ سروے کی طرح موجودہ سروے میں بھی 11 فیصد افراد نے ذرائع آمدن بڑھانے پر غور کرنے کا کہا۔حکومت اور این جی اوز سے امداد لینے کا کہنے والے افراد کی شرح بھی گزشتہ سرو ے کے مقابلے میں 1 فیصد اضافے کے بعد 04 فیصد ہوگئی ہے۔ گھر یلواخراجات پورے کرنے کیلئے اپنے اثاثے بیچنے کا کہنے والے افراد کی شرح میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ سروے میں 5 فیصد نے اثاثے بیچنے کا کہا تھا جبکہ موجودہ سروے میں 7 فیصد افراد نے ایسا کرنے کہا۔ آبادی کے تناسب سے گیلپ پاکستان کے مطابق یہ شرح 84 لاکھ بنتی ہے۔

آمدن کمی اضافہ

مزید :

صفحہ اول -