نواز شریف متحدہ بانی نمبر ٹو،اپنی سیاست کا گلا خود دبایا،(ن) لیگ پر پابندی لگنی چاہئے:شیخ رشید

نواز شریف متحدہ بانی نمبر ٹو،اپنی سیاست کا گلا خود دبایا،(ن) لیگ پر پابندی ...

  

 لاہور(لیڈی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی جنازہ پاکستان آئے گا، سیاست نہیں، لیگی قائد کی تقریر پورے بھارت میں دکھائی گئی، نون لیگ پر پابندی لگنی چاہئے، فروری تک 15 سے 20 لوگ نواز شریف کو چھوڑ دیں گے۔ شیخ رشید نے پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف متحدہ بانی نمبر ٹو ہیں، انہوں نے اپنی سیاست کا خود گلا دبایا ہے، ایک سال تک ان کی زبان بند رہی، نواز شریف کی تقریر بھارت میں دکھائی گئی، یہ اشتہاری مجرم ہے، پاک فوج ملک میں امن و استحکام کی ضامن ہے، یہ اداروں میں تصادم چاہتے ہیں، نواز شریف آصف زرداری کیخلاف کوٹ پہن کر عدالت گئے۔شیخ رشید کا کہنا تھا پی ڈی ایم جلسے پر اربوں روپے خرچ کیے گئے، ان کا جلسہ ناکام ترین جلسہ تھا، 2 ملاقاتوں کا ذکر کیا تو ملک میں طوفان آگیا، مریم نواز کو باہر بھیجنا ہوتا تو11 جماعتی اتحاد نہ بنتا، ن لیگ دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کرے گی تو پابندی لگنی چاہیئے، نواز شریف غلط فہمی کا شکار ہیں، اب کھل کر سیاست ہوگی، شہزاد اکبر نے بتایا شہباز شریف کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں، اپوزیشن کی یہی پالیسی رہی تو ایسا نہ ہو عمران خان اگلے 5 سال بھی لگا لے، ن لیگ ٹوٹ کر رہے گی، کوئی وجہ نہیں ن سے ش نہ نکلے۔ پاکستان ریلوے نے پسنجرٹرینوں کی طرح فریٹ ٹرینوں کی بھی آن لائن بکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلا دن ہے کہ ریلوے نے پرانا ٹائم ٹیبل بھی بحال کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا ٹیکنکل الاؤنس بڑھادیاگیاہے اور یہ 31 ہزار لوگوں کو ملے گا۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کے مائلیج الاؤنس میں بھی آج سے اضافہ کردیاگیاہے۔ پنشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بات ہوگئی ہے کہ تمام پنشن ہولڈرز کے واجبات جو تقریباً6 ارب 31 کروڑ 87لاکھ روپے ہیں ایک ہی دن ادا کردیے جائیں گے حسن ابدال اسٹیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اس کی منظور ی کی درخواست کروں گا۔ ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے بھی آپکو جلد خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایل اے ملازمین کی ریگولرائزیشن کے سلسلے میں بھی حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بات کریں گے کیونکہ یہ اختیارمیرے پاس نہیں ہے یہ صرف وزیر اعظم پاکستان کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے گریڈ ایک سے گریڈ سولہ تک کے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھانے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے منظوری لیں گے۔ 

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -