جانثار اور ثابت قدم کارکن پیپلزپارٹی کا ورثہ ہیں،آصف زرداری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہداء نے آئین، جمہوریت اور بااختیار پارلیمنٹ کے لئے اپنی جانیں قربان کرکے دنیا کی سیاسی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا ہے۔ 18اکتوبر کے سانحہ کارساز کے شہداء کی برسی پر اپنے ایک پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے جانثار اور ثابت قدم کارکن پاکستان پیپلزپارٹی کا ورثہ ہیں جنہوں نے اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ وہ دشمنوں کے بچھائے ہوئے بارود کے آگے ڈھال بن گئے تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جس کام کے لئے مشکلات سے بھرپور راستہ اختیار کیا تھا عوام کی طاقت سے ان کے مشن کو پایائے تکمیل تک پہنچایا۔ یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور ان کے جانثاروں کی شہادت کا ثمر ہے کہ 1973ء کا آئین اصل صورت میں بحال ہوا، صوبوں کو خودمختاری ملی اور بااختیار پرلیمنٹ قائم ہوئی۔
زرداری