حکیم سیعد کی زندگی ایک کارنامہ،اپوزیشن نے ثابت کردیا انکی جنگ ذاتی مفادات کیلئے ہے:گورنر پنجاب

حکیم سیعد کی زندگی ایک کارنامہ،اپوزیشن نے ثابت کردیا انکی جنگ ذاتی مفادات ...

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کو کمزور کر نے کی سازشیں کرنیوالے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے،22کروڑ پاکستانی متحد ہوکر اپنے دفاعی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن کا ایجنڈہ قوم کے سامنے بے نقاب ہورہا ہے اور پوری قوم اس ایجنڈے کو مسترد کرتی ہے۔ وہ گزشتہ روز”شہید حکیم سعید،حیات وخدمات“کے موضوع پر سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی‘جسٹس (ر) نذیر احمد غازی،جسٹس (ر) ناصر ہ جاوید اقبال،امجد اسلام امجد‘ ڈی جی پی آر محمد اسلم ڈوگر‘ بشری رحمن‘ڈاکٹر آصف علی‘ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور حکیم راحت نسیم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن ملکی وقومی مفادات کے تحفظ کی بجائے سیاسی اور ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے۔ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا کر اپوزیشن ثابت کر رہی ہے کہ ان کو ملکی مفاد عزیز نہیں مگر عوام اپوزیشن کے ان عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔ یہ جتنے مرضی جلسے کرلیں حکومت ان کے دباؤ میں آنیوالی نہیں اور ملک میں عام انتخابات2023میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ضرور ہے مگر اپوزیشن اداروں کے خلاف جس راستے پر چل نکلی ہے اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکیم سعید کی پوری زندگی اور کارنامے ایک کھلی کتاب کی مانند ہیں وہ گور نر بنے،وزیر بنے مگر ان کا طب سے رشتہ ختم نہیں ہوا وہ جس طر ح انسانیت کی خدمات کرتے رہے ہیں وہ ایک عظیم مثال ہیں اور انکی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ ویسے تو حکیم سعید کو رخصت ہوئے آج بائیس برس بیت گئے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ ان کی یاد آج بھی ہمارے دلوں میں اسی طرح سے موجود ہے اور یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ کراچی میں ہیں ابھی لاہور آئیں گے اور ان کی مجلسیں شروع ہو جائیں گی وہ ہماری نظر میں ہیں آرہے ہیں اور جا رہے ہیں۔ ناصرہ جاوید نے ٹھیک کہا ہے کہ شہید جو ہوتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں وہ کس طرح کی زندگی گزار رہے ہیں وہ ہمارے درمیان ہیں ہمیں محسوس ہوتے ہیں وہ قدم قدم پر ہمارے ساتھ ہیں ہمدرد شوری ہمارے لئے فیملی افئیرز کی طرح تھی جس کو ایس ایم ظفر اور بشری رحمن بھی دیکھا کرتی تھیں میری ان کے ساتھ مجلسیں ہوا کرتی تھیں وہ ایک شخص نہیں بلکہ پھولوں کا ایک گلدستہ تھے وہ عظیم تھے وہ حکیم تھے وہ معلم تھے وہ مقرر تھے وہ اپنی زات میں کئی زاتوں کو لیکر چل رہے تھے وہ قائداعظم محمد علی جناح کے ثانی تھے۔

 گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -