حکومت مولانا عادل خان کے قاتل فوری گرفتار کرے، متحدہ سنی کونسل
اسلام آباد(آئی این پی) متحدہ سنی کونسل نے کہا ہے کہ اگر مولانا عادل خان کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ذمہ دار مرکزااورسندھ حکومت ہو گی، عدم گرفتاری پر پیر کو نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں ملک بھرمیں احتجاجی تحریک کی کال دئیں گے۔گزشتہ روزیہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ سنی کونسل کے امیر مولانا قاضی عبدالرشید نے کہا کہ کراچی میں مولانا عادل خان کی شہادت نے پوری قوم کو اضطراب اور بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے،تاریخ میں اس سے پہلے بھی علمائے کرام نے اپنی جان کے نذرانے پیش کیے ہیں علمائے کرام کی شہادت پوری ملت اسلامیہ کا نقصان ہے۔ مولانا عادل خان کی شہادت کے آٹھ دن بعد بھی قاتل پکڑے نہیں جا سکے سوچنے پر مجبور ہیں کہ سیکیورٹی ایجنسیاں اور ادارے اتنے مفلوج ہیں کہ فوٹیج موجود ہونے کے باوجود قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ علمائے کرام پر حملوں کی وارننگ ہونے کے باوجود سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی۔حالات ایسے ہی رہے تو ملک میں امن و امان کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔حکومت ملک میں امن چاہتی ہے تو مولانا عادل خان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے۔ پاکستان میں علما کرام کی حفاظت کیلئے حکومت قانون سازی کرے۔پیر کوپریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج کر کے حکومت کو جگانے کی کوشش کریں گے۔
قاضی عبدالرشید