مضبوط ادارے ہی جمہوریت کی ضمانت،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے:پرویز الٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر، این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب ایمرجنسی سروسز کے16 سال مکمل ہونے پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہے نواز شریف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے خلاف ایسے بولتے ہیں جیسے نوازشریف میں مودی کی روح آ گئی ہو، نواز شریف یہ یاد رکھیں آج جو جمہوریت نظر آرہی ہے وہ جنرل باجوہ اور تمام اداروں کی کاوشوں سے ہے، ملکی کی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ اداروں کی مضبوطی سے مشروط ہے، مضبوط ادارے ہی جمہوریت کی ضمانت ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں جو بھی ادارے بنائے ان کی مضبوطی کیلئے قانون سازی کی تا کہ بعد میں آنے والی حکومتیں اداروں کو نقصان نہ پہنچا سکیں یہی وجہ ہے کہ ریسکیو سروس اور ریسکیورز سے میرا تعلق سیاست کا نہیں بلکہ دل کا ہے جو بیج ریسکیو 1122 کی صورت میں انسانی خدمت کا میں نے اکتوبر 2004 میں بویا تھا آج وہ ایک تناور درخت بن چکا ہے آج پنجاب ایمرجنسی سروسز کے 16 ویں یوم تاسیس پر میں ڈاکٹر رضوان نصیر اور انکی پوری ٹیم کوتہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو اکیڈمی ہم نے پنجاب کے ریسکیورز کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے بنائی تھی اس میں نہ صرف ملک بھر کے 19ہزار سے زائد ایمرجنسی پروفیشنلز کو تربیت دی گئی بلکہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی پاکستان ریسکیو ٹیم نے اقوام متحدہ سے جنوبی ایشیاء کی پہلی سرٹیفائیڈ ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا جو ہر پاکستانی کیلئے اعزاز ہے پاکستان ریسکیو ٹیم اور ہر ایک ممبر کواقوام متحدہ سے سرٹیفکیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیوسروس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اسپیشل کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں تمام ریسکیورزکو سروس سٹرکچر بھی دیا جا رہا ہے اور دیگر معاملات جو ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی میں رکاوٹ بن رہے ہیں ان کو قانون سازی کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے ریسکیو صلاحیتوں اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔
پرویزا لٰہی