حکومت کسانوں کو گندم کا مستند بیج فراہم کریگی‘ سید فخر امام 

  حکومت کسانوں کو گندم کا مستند بیج فراہم کریگی‘ سید فخر امام 

  

 کبیروالا(نامہ نگار) وفاقی حکومت، کسانوں کو گندم کا 5لاکھ ٹن سے زائد مستند بیج دے گی، گندم کی نئی فصل کیلئے پاسکو اور پنجاب سیڈ کارپوریشن یہ مستند بیج سرکاری قیمت پر کاشتکاروں کو دینگے، مارچ 2021ء میں گندم کی سرکاری قیمت خرید کا اعلان آئندہ چند روز(بقیہ نمبر22صفحہ 6پر)

میں کیا جائے گا،ہمیں سائنسی طور پر زرعی معاشی نظام کی اصلاح کی ضرورت ہے جبکہ زراعت سی پیک کے 7 اہم حصوں میں سے ایک ہے،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخرامام نے سید گروپ کے مرکزرہنما مخدوم سید محمد باقر سلطان گردیزی کے ساتھ ملاقات کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر سید فخرامام نے کہا کہ فصلوں کی ویلیو ایڈیشن کے لئے بھی بلوچستان سر فہرست ہوسکتا ہے اور مویشیوں کے لئے بڑے پیمانے پر زمینیں برقرار رکھ سکتا ہے جبکہ سمندری ماہی گیری بلوچستان کی زرعی معیشت کے لئے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ‘ پنجاب‘ خیبر پختونخوا‘ بلوچستان کی حکومتوں نے گندم کی نئی سرکاری قیمت خرید کیلئے اپنی اپنی تجاویز وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ کو بھجوا دی ہیں جو گندم کی قیمت خرید میں اضافے سے افراط زر اور مہنگائی بڑھنے کا جائزہ لے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری وزارت کا منشور دیہی علاقوں کو غربت سے نکالنا ہے اور ایف اے او زراعت پر پالیسی بنانے میں ہماری مدد کر رہا ہے، ہمارا جی ڈی پی کا 19.3 فیصد زراعت پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کی تقریبا 75 فیصد برآمدات زراعت پر مبنی ہیں۔سید فخر امام نے کہا کہ ہمیں 3 اہم مسائل کا سامنا ہے، جن میں کوویڈ 19,موسمیاتی تبدیلی اور ٹڈی دل شامل ہیں۔

فخر امام

مزید :

ملتان صفحہ آخر -