مہنگائی میں اضافہ ایٹم بم گرانے کے مترادف ہے، جام اکرام

  مہنگائی میں اضافہ ایٹم بم گرانے کے مترادف ہے، جام اکرام

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں مذید نو فیصد سے زیادہ اضافہ پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے غریب عوام پر ایٹم بم گرانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روز مرہ کی 25 اشیاکی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور انڈے، چکن، آٹا، چینی سمیت دیگر روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں نو فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ وفاقی حکومت نے عوامی مسائل کی جانب سے آنکھیں بند کر لیں ہیں اور عوام بیروزگاری اور مہنگائی کے باعث عذاب میں مبتلا ہیں اور اس نااہل تحریک انصاف کی حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے لیے امید کی کرن بن کر ابھری ہے اور امید ہے کہ جلد نااہل وفاقی حکومت سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے وسائل کے مطابق صوبے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور شہری و دیہی ابادی کی یکساں ترقی کی خواہاں ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بلا امتیاز عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے.

مزید :

پشاورصفحہ آخر -