غنی چورنگی پر فیکٹری کی آگ پر 4 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے سائٹ غنی چورنگی کے قریب رنگ بنانے کی فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 2ملازمین جھلس کر شدید زخمی ہوگئے، فیکٹری میں موجود سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ تیسرے درجے کی آگ پر فائربریگیڈ کی 11 گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔شہر قائد میں خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آتشزدگی کے واقعات بڑھنے لگے، غنی چورنگی کے قریب رنگ بنانے والی فیکٹری میں ہفتہ کی صبح آگ بھڑک اٹھی، آگ نے قریب کی ہر چیز کو جلا کر راکھ کردیا۔ اطلاع ملی تو پہلے فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی آگ بجھانے پہنچی۔ شدت اتنی تھی کہ فائر حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے مزید فائرٹینڈرز طلب کر لئے۔ آگ بجھانے کے عمل میں ڈی ایچ اے، پاک بحریہ اور ایئرفورس کے فائر ٹینڈرز نے بھی موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کے ساتھ رینجرز اور ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا، واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس سے واٹر ٹینکربھی طلب کیے گئے۔دوسری جانب فیکٹری میں آگ لگنے سے 2ملازمیں جھلس کر زخمی ہوگئیی،جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، آگ پر 4گھنٹوں کی جدوجہدر کے بعد کے ایم سی، پاکستان نیوی اور کے پی ٹی کے 11 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے واٹر باؤزر کی مدد سے قابو پاکر کولنگ کا عمل شروع کردیاگیا جبکہ آگ لگنے کی وجوہات فوری معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران شہر میں خشک موسم اور تیز ہواوں کے باعث 8 مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ فیکٹری مالک نے بتایاکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں۔ آتشزدگی کے واقعے میں اطرف کی دو فیکٹریوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔