محکمہ پولیس سے کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے گا:ڈی پی او شیخوپورہ

محکمہ پولیس سے کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے گا:ڈی پی او شیخوپورہ

  

 شیخوپورہ(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ غلام مبشر میکن نے کہا ہے کہ وہ پولیس رویہ میں خوشگوار تبدیلی لانے کے ساتھ ساتھ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی اور کرپشن و رشوت ستانی کے خاتمہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں، اشتہاری مجرمان کے ساتھ منشیات فروشوں کے ساتھ کریک ڈاؤن اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے ضلع پولیس کو خصوصی ٹاسک دیدیا گیا ہے محکمہ میں کالی بھیڑوں کے صفایا کیلئے بھی از سر نو صف بندی کی جائے گی جبکہ علاقائی دیرینہ دشمنیوں کے خاتمہ اور ان کے مابین صلح کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے، شہری و دیہی علاقوں میں چوکیدارا اور ٹھیکری پہرہ کے نظام کی بحالی کے ساتھ تھانہ کی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کے قیام کیلئے بھی عوام کی مشاورت کے ساتھ اہم فیصلے کئے جائیں گے، پنجاب حکومت کی طرف سے پولیس کو مکمل فری ہینڈ دیا گیا ہے، ضلع پولیس میں کسی قسم کی سفارش یا پرچی سسٹم کی کوئی گنجائش نہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب شیخوپورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر پریس کلب مبشر حسن بٹ، جنرل سیکرٹری رانا محمد عثمان، چیئرمین امجد نذیر بٹ، سینئر وائس چیئرمین حاجی ملک محمد بوٹا، وائس چیئرمین طاہر مسعود ساجد،غلام احمد چوہدری،سابق صدر عبدالحمید بھٹی، شہباز احمد خان، سینئر صحافی عظیم احمد یزدا نی، چوہدری محمد الیاس گجر، شیخ امتیاز احمد، صفدر شاہین، رانا محمد سرور و دیگر نے بھی خطاب کیا، ڈی پی او غلام مبشر میکن نے کہا کہ ضلع شیخوپورہ کا شمار پنجاب کے ان ٹاپ ٹین اضلاع میں ہوتا ہے جہاں تعیناتی ایک بہت بڑا چیلنج ہے، جرائم کو کنٹرول کرنے کے ساتھ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ، انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، اس سلسلہ میں پولیس کی کوئی کوتاہی یا مجرمانہ غفلت و لاپرواہی اور روائتی تساہل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، مقدمات کا فوری اندراج اور جھوٹے مقدمات کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ بلیک میلرز و بھتہ خوروں کی حوصلہ شکنی بھی میری اولین ترجیحات کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس صرف عوام کی خادم و محافظ ہی نہیں بلکہ یہ ایک سروس دینے والی فورس ہے، انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کرپٹ پولیس ملازمین کی نشاندہی کریں ان کا نام خفیہ رکھ کر کاروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق اوپن ڈور پالیسی اختیار کی جائے گی صحافیوں اور پولیس کے مابین چولی دامن کا ساتھ ہے باہمی تعاون سے جرائم پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس موقع پر صدر پریس کلب مبشر حسن بٹ، جنرل سیکرٹری رانا محمد عثمان نے ڈی پی او شیخوپورہ کو ان کی ترجیحات پر عملدر آمد میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ 

ڈی پی او شیخوپورہ

مزید :

صفحہ آخر -