مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کراچی پہنچ گئیں، شرجیل میمن کی بم پروف گاڑی میں مزار قائد روانہ

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کراچی پہنچ گئیں، شرجیل میمن کی بم پروف گاڑی ...
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کراچی پہنچ گئیں، شرجیل میمن کی بم پروف گاڑی میں مزار قائد روانہ

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ٹی ایم) کی حکومت ہٹاؤ تحریک کے دوسرے جلسے میں شرکت کےلئے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کراچی پہنچ گئیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے مریم نواز پیپلز پارٹی کی جانب سے بھیجی گئی پی پی رہنما شرجیل میمن کی خصوصی بم پروف گاڑی میں سوار ہو کر مزارِ قائد کی جانب ریلی کی شکل میں روانہ ہو گئیں۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 303 کے ذریعے لاہور سے کراچی پہنچی ہیں جہاں بڑی تعداد میں موجود نون لیگ کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔مریم نواز کی گاڑی نون لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر ڈرائیو کر رہے ہیں۔مریم نواز کے ہمراہ ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے علاوہ نون لیگی رہنما شاہ محمد شاہ بھی موجود ہیں۔

مریم نواز ایئر پورٹ سے ریلی کی صورت میں مزارِ قائد جائیں گی، جہاں وہ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح اور ان کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کے مزار پر حاضری دیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔شارع فیصل پر استقبالیہ کیمپ پر نون لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جو ڈھول کی تھاپ پر رقص کر رہے اور نعرے لگا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے پی ڈی ایم کی قیادت جلسے سے پہلے مقامی ہوٹل میں ملے گی جہاں رہنماؤں کا اجلاس ہوگا۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پہلے ہی مقامی ہوٹل میں موجود ہیں، مریم نواز بھی مزارِ قائد پر حاضری کے بعد مقامی ہوٹل پہنچیں گی۔پی ڈی ایم کے رہنما جلسے میں خطاب کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کریں گے۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -