خیبرپختونخوا نےسدرن پنجاب کو ہراکر نیشنل ٹی 20کپ جیت لیا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیشنل ٹی 20کپ 2020 کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 10 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔
نجی چینل ہم نیوز کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کی جانب سے دیئے گئے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا سکی۔سدرن پنجاب کی جانب سے حسین طلعت نے 63 اور خوشدل شاہ 34 نے رنز بنائے جب کہ خیبرپختونخوا کی جانب سے شاہین شاہ اور وہاب ریاض نے بالترتیب تین تین جب کہ عثمان شنواری اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیاتھا۔کے پی کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور سلامی بلے باز فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت داری قائم کی۔بعد ازاں محمد رضوان 25 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے۔ خیبرپختونخوا کی دوسری وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری جب وہ 13 ویں اوور میں 67 رنز بنا کر عامر یامین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہو گئے۔فخر زمان کے آﺅٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 51 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کا ٹوٹل 205 رنز تک پہنچا دیا۔سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین، زاہد محمود اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔