پی ڈی ایم لٹیروں کاٹولہ ،خود چور اور لٹیرے کیسے احتساب کر سکتے ہیں:شاہ محمود قریشی

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) لٹیروں کاٹولہ ہے ،خود چور اور لٹیرے کیسے احتساب کر سکتے ہیں؟جس نے ملک لوٹا،قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا،اسےبلا تفریق اور بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرناہوگا،مہنگائی سابقہ حکمرانوں کادیا ہوا تحفہ ہے، معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشش کررہے ہیں، مشکلات عارضی ہیں، غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت کا احساس پروگرام‘ روزگار پروگرام‘ صحت انصاف کارڈ سمیت دیگر پالیسیوں سے ملک میں معاشی نا ہمواری میں کمی‘ غربت میں کمی ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹرز کی عزت کو پامال کیا،گزشتہ 30 سال میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ووٹرز کو کیا دیا؟ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے قومی خزانہ لوٹ کر ووٹرز کا معاشی قتل کیا، پی ڈی ایم والے کس منہ سے احتساب کی بات کر سکتے ہیں؟ پی ڈی ایم کا ٹولہ چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دراصل شور مچا کر وہ احتساب سے بچنا چاہتے ہیں، ایک بار پھر کہہ رہے ہیں جس نے ملک لوٹا، قومی خزانہ پہ ڈاکہ ڈالا اسے بلا تفریق و بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرنا ہوگا،چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ سے ہو۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ مہنگائی سابقہ حکمرانوں کا دیا ہوا تحفہ ہے معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشش کررہے ہیں، مشکلات عارضی ہیں غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت کو لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے، معاشی نہ ہمواری غربت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے،حکومت کا احساس پروگرام، روزگار پروگرام، صحت انصاف کارڈ سمیت دیگر پالیسیوں سے ملک میں معاشی نا ہمواری میں کمی،غربت میں کمی ہوگی، عوام کو ریلیف ملے گا،ملک میں صنعتی ترقی ہوگی اور روزگا ر میں اضافہ ہوگا تب ہی مہنگائی کے جن کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔