اپوزیشن کے جلسے بے وقت کی راگنی،عوام کوکوئی دلچسپی نہیں:عثمان بزدار

 اپوزیشن کے جلسے بے وقت کی راگنی،عوام کوکوئی دلچسپی نہیں:عثمان بزدار

  

    لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، بلال اصغر،محمد رضا حسین بخاری اور سردار فاروق امان اللہ دریشک شامل تھے۔منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں اپوزیشن کا طرز عمل نامناسب اور بچگانہ ہے۔ اپوزیشن عناصر کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ جلسے جلوسوں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔ان کے جلسے بے وقت کی راگنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بے وقت کی جلسیوں میں کوئی دلچسپی نہیں۔کھوکھلے نعرے لگا کر آپ پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے۔یاد رکھیں آپ لوگوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور سابق حکمران اقتدار کے مزے لوٹتے رہے۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی کا سہارا لیا۔ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہماری حکومت ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے الحمرا آرٹ گیلری میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں  خطاطی کی نمائش دیکھی اور مقابلہ خطاطی میں حصہ لینے والے خطاط کی کیلی گرافی کے فن پارے دیکھے۔ عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ  کے سلسلے میں مقابلہ خطاطی میں ملک بھر سے 400 خطاط نے شرکت کی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے الحمرا آرٹ گیلری میں اسم  محمد ؐ کی خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔الحمرا آرٹ گیلری میں لفظی خطاطی اور مصورانہ خطاطی کے 450 فن پارے نمائش کیلئے رکھے گئے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے لفظی اور مصورانہ خطاطی کے فن پاروں کو سراہا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مقابلہ خطاطی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے خطاط کو میڈل دیئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زبیر اکرم، امجد علوی، سعیدناز، حبیب اللہ کو میڈل پہنائے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پشاور کے انور زیب، ملتان کے عمار اقبال اور قصور کے وقاص یحیی کو میڈل دیئے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے خطاط کے فن کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور نے اسم محمد ؐ کا خوب صورت فن پارہ پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب فن خطاطی کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے - فن خطاطی مسلمانوں کی میراث ہے - صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری اوقاف، ڈی جی پی آر اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔سردار عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے علاقے میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جامع انکوائری کر کے آتشزدگی کے واقعہ کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -