جانوروں کو تازہ سبز چارہ  مہیا کیا جائے، محکمہ لائیو سٹاک

  جانوروں کو تازہ سبز چارہ  مہیا کیا جائے، محکمہ لائیو سٹاک

  

فیصل  آباد  (اے پی پی)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے ہدایت کی ہے کہ فرزندان اسلام    قربانی  کے لئے  خریدے گئے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکریں اورانہیں دانہ دینے سے گریز  کریں کیونکہ وافر مقدار میں دانہ کھلانے کے بعد جب جانور کو پانی مہیاکیاجاتاہے تو اس سے زیادہ تر جانوروں خصوصا بکروں، چھتروں، دنبوں میں اپھارے کامسئلہ پیداہو جاتاہے جس کے بروقت علاج نہ ہونے سے جانور کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرحیدعلی نے بتایاکہ آج کل مون سون کی بارشوں کے باعث موسم کی مناسبت سے جانور کو نہلانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔

 انہوں نے کہاکہ فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے قبل جانور کو کچھ کھانے کو مہیانہ کریں تاکہ قربانی کے دوران مذبحہ کے مراحل آسانی سے طے ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ قربانی کے جانور کا معدہ بھراہونے سے گوشت آلودہ ہو سکتاہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اچھی طرح جسم سے خون بھی نکالنا ضروری ہے جس سے گوشت کا رنگ چمکدار اور گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق حاصل کیاجاسکتاہے۔

مزید :

کامرس -