"آن لائن دکھایا کچھ ، دیا کچھ اور" گھر کی مشابہت نہ ہونے پر خریدار نے اسٹیٹ ایجنٹ کو گولی مار دی 

"آن لائن دکھایا کچھ ، دیا کچھ اور" گھر کی مشابہت نہ ہونے پر خریدار نے اسٹیٹ ...

  

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ورجینیا میں 84 سالہ خریدار نے آن لائن دکھائے گئے گھرسے مشابہت نہ ہونے پر سٹیٹ ایجنٹ کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا، جہاں 84 سالہ خریدار نے سٹیٹ ایجنٹ کی جانب سے آن لائن دکھائے گئے گھر سے مشابہت نہ ہونے پر اس کی جان لے لی،  84 سالہ البرٹ بیگلیون نے ایک سنگل اسٹوری گھر سورن ارن نامی اسٹیٹ ایجنٹ کے ذریعے رواں ماہ کے آغاز میں ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز ( 2 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) میں آن لائن پسند کرکے خریدا تھا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق البرٹ جب اس گھر میں منتقل ہوا تو وہ ناخوش تھا کیونکہ سٹیٹ ایجنٹ نے جو گھر اسے آن لائن دکھایا تھا وہ ایسا نہیں تھا جس کے بعد اس نے سٹیٹ ایجنٹ سے ملنے کا فیصلہ کیا اور اسے اپنے گھر بلایا، 8 اکتوبرکی شام 6 بجےکے قریب  اس سنگل سٹوری گھر پر پولیس کو بلایا گیا جہاں البرٹ بیگلیون نے پولیس کو  بتایا کہ اس نے سٹیٹ ایجنٹ کو گولی ماردی ہے۔

پولیس کے مطابق اس بیان کے فوراً بعد البرٹ نے گھرکا دروازہ بند کیا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی۔پولیس جب اندر داخل ہوئی تو وہاں 41 سالہ سٹیٹ ایجنٹ شدید زخمی حالت میں موجود تھا جب کہ پاس ہی البرٹ کی لاش بھی پڑی تھی جس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی، بعد ازاں اسٹیٹ ایجنٹ بھی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔

مزید :

بین الاقوامی -