آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور ، افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور اینگلا ایگلر کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ بات چیت کی روایت جاری رکھنا چاہتا ہے ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیر پا تعلقات کا خواہشمند ہے ، افغانستان میں انسانی بحران سے بچاؤ کیلئے دنیا کردار ادا کرے ۔
اس موقع پر امریکی ناظم الامور اینگلا ایگلر نے خطے میں امن و امان کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔