لاہور میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد کتنی ہو گئی ؟ شہریوں کے لیے تشویشناک خبر آگئی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )شہرمیں ڈینگی کیسز کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی مجموعی کیس چار ہزار سے بڑھ چکے ہیں۔
راولپنڈی میں ڈینگی سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں بھی ڈینگی سے ایک موت رپورٹ ہوئی۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں ڈینگی کے 204 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد پانچ ہزار78 ہوگئی۔ دو ہزار کیسز صرف ایک ہفتے کے دوران رپورٹ ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال مختلف نہیں ہے جہاں کیس چار ہزار سے بڑھ چکے ہیں، صوبائی دارالحکومت پشاور سب سے زیادہ متاثرہ ہو رہاہے۔اسلام آباد میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 141 شہریوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ڈی ایچ او کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مجموعی طور پر ڈینگی مریضوں کی تعداد دو ہزار89 تک جا پہنچی ہے۔