ٹی 20 ورلڈ کپ، ویرات کوہلی کا پاکستان کے خلاف ایسا ریکارڈ کہ پاکستانی کرکٹ شائقین پریشان ہوجائیں

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں 24 اکتوبر کو ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کاٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ریکارڈ زبردست ہے۔ گرین شرٹس انہیں کسی بھی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آؤٹ نہیں کرپائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان کے خلاف تین میچز کھیلے ہیں اور وہ تینوں میں نہ صرف ناٹ آؤٹ رہے بلکہ سب سے زیادہ رنز بھی انہوں نے ہی سکور کیے۔ ان میں سے دو میچز میں ویرات کوہلی کو میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
پہلی بار ویرات کوہلی نے 2012 کے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا سامنا کیا ۔ اس میچ میں پاکستان کے 128 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویرات کوہلی نے 78 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
دوسری بار 2014 کے ورلڈ کپ کے دوران ڈھاکہ میں ویرات کوہلی نے پاکستان ٹیم کا سامنا کیا۔ اس میچ میں پاکستان نے 130 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ویرات کوہلی 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں اگرچہ وہ مین آف دی میچ قرار نہیں پائے تاہم ٹیم انڈیا کی طرف سے سب سے زیادہ رنز انہوں نے ہی سکور کیے تھے۔ اس میچ میں دو وکٹیں لینے والے بھارتی باؤلر امیت مشرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران تیسری بار ویرات کوہلی نے پاکستان ٹیم کا سامنا 2016 میں کولکتہ میں کیا ۔ اس بار بھی پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور 118 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 55 رنز بنا کر نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی بلکہ مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔