آزاد کشمیر میں سیاحت کیلئے لانگ ٹرم منصوبے شروع کریں گے، سردار تنویر الیاس

آزاد کشمیر میں سیاحت کیلئے لانگ ٹرم منصوبے شروع کریں گے، سردار تنویر الیاس
آزاد کشمیر میں سیاحت کیلئے لانگ ٹرم منصوبے شروع کریں گے، سردار تنویر الیاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف آذاد کشمیر کے صدر و سینئر  وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں لانگ ٹرم منصوبے شروع کیے جائیں گے۔سیاحت کے شعبہ میں سر مایہ کاری کرنے والوں کو سپیشل اکنامک زون بنا کر دیں گے۔مختلف سیاحتی مقامات کو ٹوارزم زون  ڈکلیئر کرنے کے حوالے سے کام شروع کردیا گیا ہے۔ عمران خان کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں ماڈل ٹوارزم ٹاون قائم کیا جائے گا۔

دورہ پونچھ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کا موسم سیاحت کے لیئے انتہائی موزوں ہے  جہاں چند   کلومیٹر کے فاصلہ پر مختلف موسم ملتا ہے، ایسا دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہے۔سنگاپور جیسے ملک میں سال بھر درجہ حرارات  30 سے 32 درجے  رہتا ہے نا کبھی کم ہو کر29 ہوتا ہے اور نا کبھی بڑھ کر 33ہوتا ہے جبکہ ہمارے ہاں ایک ہی گاوں کے مختلف حصوں میں سرما اور گرما کی الگ الگ چھٹیاں ہوتی ہیں۔ موسم کی یہ انفرادیت آزاد کشمیر کے لیے اللہ کی عظیم نعمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا بے مثال  قدرتی حسن کسی نعمت عظمی سے کم نہیں ہے، جس سے استفادہ کر کے آزاد کشمیر کو سیاحوں کے لیئے حقیقی جنت بنائیں گے۔ عمران خان آزاد کشمیر کی سیاحت کے حوالے سے انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں،  ان کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں سیاحت کا سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے تاریخ ساز منصوبے پر عملدرآمد کیلئے  ماہرین کے ہمراہ چار مقامات دیکھ لیے ہیں۔  حکومت آزاد کشمیر  سیاحت کے نئے منصوبوں کیلئے  لاجسٹک سمیت جملہ معاونت فراہم کرے گی۔سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ سیاحت واحد شعبہ ہے جس سے حکومت کو براہ  راست یا بلا واسطہ ریونیو ملتا ہے جبکہ اس شعبہ میں لاکھوں نوکریاں بھی پیدا کی جا سکتی ہیں۔

ایک روزہ دورہ پونچھ کے دوران صدر پی ٹی آئی نے ہجیرہ میں مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سردار کاشان مسعود کے بھائیوں کی شادی کی تقریب میں شرکت کی اور سینئر سیاسی رہنماء سردار سلیم ناز کے گھر بھی گئے۔

اس موقع پر سینئر وزیر سے  پی ٹی آئی خواتین ونگ کی رہنماء راحیلہ عزیز،دعا زبیر،سردار بشارت،سردار صابر ایڈووکیٹ و دیگر نے ملاقاتیں بھی کیں۔ شادی کی تقریب میں سابق ڈپٹی سپیکر سردار عامر الطاف، پران کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار مرتضیٰ طاہر، مرکزی رہنماء سردار افتخار رشید چغتائی،سردار امجد سدوزئی،سردار امتیاز شاہین،سردار تنویر سرور، رفعت اللہ بیگ،سردار شوکت ناز و دیگر بھی موجود تھے۔