پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی لیکن کرائے کم نہ ہونے پر عوام پریشان، جب کرایہ نامہ مانگتے ہیں آگے سے کیا جواب ملتا ہے؟

Oct 18, 2023 | 10:53 AM

مظفرآباد (آئی این پی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے جوں کے توں ، ٹرانسپورٹرز اور عوام کے درمیان لڑائی جھگڑے ، توں تکرار ، ضلعی انتظامیہ اور ذمہ دار ادارے لمبی تان کر سو گئے ، بیرون اضلاع تو درکنار دارالحکومت کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بے لگام  ہے،

یکم اکتوبر سے 16 اکتوبر تک پٹرول کی قیمت 48 روپے فی لٹر کم ہوئی مگر انتظامیہ کی روایتی بے حسی ، غفلت اور نااہلی کے باعث عوام کو ٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ، گزشتہ دو روز سے دارالحکومت سے ٹریفک پولیس کے آفیسران و اہلکاران بھی غائب ہو گئے ، عوام اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ، شہر کے متعدد مقامات پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عام شہریوں پر تشدد کی اطلاعات ، ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں کمی سے صاف انکار ، توں تکرار پر موقف اپنایا جاتا ہے کہ جب پٹرول کی قیمت 250 سے نیچے آئے گی پھر کرائے کم ہوں گے ، کرائے نامے کے مطالبہ پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے شہریوں سے تکرار کی جاتی ہے کہ اگر آپ کے پاس کرایہ نامہ ہے تو ہمیں دکھائیں بصورت دیگر حسب سابق کرایہ ادا کریں ۔

عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کے گھر کی یہ حالت ہے کہ یہا ں پوچھنے والا کوئی نہیں تو یہاں سے باہر کیا عالم ہو گا ، ہم کس کے پاس جائیں اور کس سے شکایت کریں ، انتظامیہ سے شکایت کی صورت میں بھی دباﺅ عوام پر پڑتا ہے ، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو انتظامیہ نے عوام کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، دارالحکومت کی سول سوسائٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ کو خواب غفلت سے جگایا جائے اور ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار سے عام شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ، اور ریاست میں اگر ٹرانسپورٹ اتھارٹی نام کی کوئی چیز ہے تو اسے بھی اس کے فرائض کی یاددہانی کرائی جائے ۔ 

مزیدخبریں