کویت بلوچستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں،پاکستان نے منظوری دیدی

کویت بلوچستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں،پاکستان نے منظوری دیدی

کراچی ( اکنامک رپورٹر )کویت بلوچستان میں آئل ریفائنری کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کا خواہاں تھا جس کی پاکستان نے منظوری دیدی ہے۔پاکستانی منتظمین معیشت نے بلوچستان کے ساحلی علاقہ میں آئل ریفائنری کے قیام کیلئے کویت پیٹرولیم کارپوریشن کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس سرمایہ کاری سے نہ صرف ترقی پذیر بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کے امکانات پیدا ہوں گے بلکہ یہ تیل کی درآمد کیلئے بیرون ممالک پر انحصار میں بھی کمی کا باعث بنے گا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی فیصلوں کے حوالے سے بااختیار،اکنامک کوآرڈی نیشن کمیٹی (ای سی سی )نے کویتی حکام سے ہونے والی ایک ملاقات کے بعد کویتی کمپنی کی آئل ریفائنری کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی منظوری دی ہے۔

ای سی سی نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر سے دباؤکو کم کرنے کیلئے تیل کی درآمد کیلئے کریڈٹ کی سہولت کیلئے ٹائم فریم کوتین سے چار مہینے کی وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ کمیٹی نے پاکستان سٹیٹ آئل کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کریڈٹ فیسی لٹی میں 90سے 120روزہ وسعت کیلئے کویت پیٹرولیمز سے بات کرے۔کمیٹی نے بغیر کسی بولی کے کویت سے جیٹ فیول اور فرنس آئل کی درآمدکی بھی منظوری دی۔اس وقت پاکستان خلیجی ریاست سے 90روزہ تاخیری ادائیگیوں پر ڈیزل درآمد کررہا ہے۔

مزید : کامرس