تحریک پاکستان میں رانا عبدالرحیم کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں،رفیق تارڑ

تحریک پاکستان میں رانا عبدالرحیم کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں،رفیق تارڑ

لاہور(خبر نگار) تحریک پاکستان میں رانا عبدالرحیم کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں رانا عبدالرحیم مرحوم نے پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح نے جب فوجی آمر کے خلاف الیکشن لڑا تو رانا عبدالرحیم مرحوم نے ان کا بھر پور ساتھ دیا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر پاکستان ،چیئر مین نظریہ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے رانا عبدالرحیم کی نویں برسی کے موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ رانا عبدالرحیم مرحوم کی سیاسی، سماجی اور تعلیمی جدو جہد کا مقصد جدید، اسلامی، جمہوری پاکستان تھا۔پاکستا ن کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنی روایات کو اپنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ ایسا فورم ہے جو پاکستان کی نظریاتی اساس کی بات کرتا ہے۔اس نظریے میں مجید نظامی مرحوم نے جان ڈالی۔ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ رانا اسد اللہ خاں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی۔ انہیں تعلیم سے بڑا شغف تھا انہوں نے فروغ تعلیم کے لئے تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کرائی گئی۔تقریب میں وائس چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر رفیق احمد، جسٹس ریٹارئرڈخلیل الرحمان، ممتاز کالم نویس یٰسین وٹو،سابق صدرلاہور بارمنصور الرحمان آفریدی ،ایڈووکیٹ سپریم کورٹ رانا اسداللہ خاں سمیت سیاسی، ادبی شخصیت سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1