کپڑے کے تاجر کے خلاف خورد برد الزام ، احتساب عدالت میں ریفرنس دائر

کپڑے کے تاجر کے خلاف خورد برد الزام ، احتساب عدالت میں ریفرنس دائر

لاہور(نامہ نگار)کپڑے کے تاجر کے خلاف خورد برد کے الزام میں احتساب عدالت میں لاکھوں روپے کا ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ نیب حکام کی جانب سے ملزم ثاقب نذیر کے خلاف 16لاکھ 19ہزار روپے کی خورد برد کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم ’’ٹاپ ٹیکس فیبرکس‘‘ کے نام سے کپڑے کی دکان چلا رہا تھا، ا س کے خلاف15افراد نے تحریری شکایت کی کہ اس نے بولی والی کمیٹی کے نام پر دھوکہ دہی کرکے انہیں ان کی خون پسینے کی کمائی سے محروم کر دیا ہے۔ اس دوران نیب حکام کو معلوم ہوا کہ ملزم کپڑے کی دکان چلانے کے ساتھ ساتھ بولی والی کمیٹیوں کے علاوہ لوگوں کوادھار اور قرض وغیرہ دینے کا غیر قانونی کام بھی کرتا ہے۔ ملزم نے اس بہانے لوگوں کا اعتماد حاصل کر رکھا تھا۔ وہ بولی والی کمیٹی ڈال کر لوگوں سے رقوم اکٹھی کرتا اور انہیں پیشگی چیک دے دیتا جو بعد میں کیش نہیں ہوتے تھے،عدالت نے سماعت کے بعد کیس کی مزید سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کردی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4