24ستمبر سے ریلیاں، 30کومارچ :تحریک انصاف ،لیگی جانثار فورس بھی تیار ، کارکن پر امن رہیں :مریم نواز

24ستمبر سے ریلیاں، 30کومارچ :تحریک انصاف ،لیگی جانثار فورس بھی تیار ، کارکن پر ...

اسلام آباد/گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک، بیورورپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ پر حکمت عملی تبدیل کر لی، اس حوالے سے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں رائیونڈ مارچ کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلا س میں شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین ، ڈاکٹر شیریں مزاری سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ رائیونڈ مارچ کی تاریخ میں توسیع کی جائے اور مارچ سے پہلے ملک بھر میں24ستمبر سے ریلیاں نکالی جائیں تاکہ عوام کو متحرک کیا جا سکے اس کے ساتھ ساتھ دیگر جماعتوں سے بات چیت بھی مکمل ہو سکے۔اجلاس میں تجویز دی گئی ہے کہ رائیونڈ مارچ 30ستمبر کو اڈا پلا ٹ کے مقام پر کیا جائے جبکہ جاتی امراء کی جانب نہ جایا جائے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان نے تجاویز کو قبول کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو رائیونڈ مارچ کے حوالے سے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بات کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے ۔پی ٹی آئی چیئرمین نے جہانگیر ترین کو بھی لندن سے طلب کر لیا ہے۔ احتجاج کی رکاوٹوں پر بھرپور مزاحمت کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب نے رائیونڈ مارچ کیخلاف خطرناک نتائج کی دھمکیاں دینے پر محکمہ پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سی پی او فیصل آباد کو جمع کرا دی۔دوسری جانب گوجرانوالہ میں رائے ونڈ مارچ کو روکنے کیلئے لیگی متوالوں کی جانثارفورس نے باقاعدہ ٹریننگ شروع کر دی ۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کئے جانے والے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کے لیے مسلم لیگ نون یوتھ ونگ کے متوالوں نے جانثار فورس تیار کر لی ہے ، فورس کی کمانڈ یوتھ ونگ پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری شعیب بٹ کر رہے ہیں جو فورس کے جوانوں کو باقاعدہ ڈنڈا چلانے کے ساتھ ساتھ پشپ اپ لگوا رہے ہیں ، شعیب بٹ کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف ان کے قائد ہیں اور وہ کسی کو بھی ان کے گھر کی طرف مارچ کرنے کی اجازت نہیں دینگے ، اگر ایسا ہوا تو میاں نواز شریف کے چاہنے والے ان کے گھر کی طرف مارچ کرنے والوں کا نہ صرف ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،بلکہ ان کے گھر کے باہر پہرہ بھی دیں گے ، یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی نے بھی اپنی پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا تھا کہ میاں نواز شریف کے متوالے رائے ونڈ کی جانب مارچ کرنے والوں کااینٹوں، پتھروں اور ڈنڈوں سے استقبال کریں گے ۔دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان بیروزگار شخص ہیں ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں۔احتجاج بھی ٹائم پاس کیلئے کرتے ہیں۔کارکن بڑی تعداد میں رائیونڈ نہ پہنچیں۔ مریم نواز نے کہا کہ کسی سیاسی حریف کے مقابلے کیلئے سیاسی میدان ہی کافی ہوتا ہے کارکن اشتعال میں نہ آئیں۔پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ کے اعلان کو سنجیدہ نہ لیا جائے۔

ریلیاں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایس ایس پی ملیر راو انوار قانون کے مطابق کام کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ پردباؤ ڈال کر ان کومعطل کرایا۔ خواجہ اظہار کی رہائی بھی نواز شریف کے دباؤ کی وجہ سے ممکن ہوئی۔نوا ز شریف پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ کے معاملات میں وزیراعظم کی مداخلت قابل تشویش ہے۔ پنجاب اور سندھ کی پولیس کو سیاسی بنا کر اس کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔ خیبر پی کے میں پولیس کو غیر سیاسی کر دیا گیا ہے۔ خیبر پی کے میں وزیراعظم یا وزیراعلیٰ پولیس کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پاناما پیپرز کی تحقیقات سے ڈرے ہوئے ہیں۔ اگر وہ شفاف تحقیقات کرا دیں تو ہم مارچ نہیں کریں گے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ ہمارا رائیونڈ مارچ پرامن ہے اگر ن لیگ کے کسی گلو بٹ نے اس کو تشدد کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری شریف برادران پر ہوگی۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ میڈیا پر چند ن لیگی ڈنڈے لے کر ہمارے کارکنوں کو ڈرانے کی کوشش نہ کریں ہمارے کارکنوں کے سامنے ان کی کوئی اوقات نہیں۔

مزید : صفحہ اول