رائیونڈ مارچ سے پہلے تحریک انصاف ایک بار پھر اختلافات کا شکار ، پارٹی کی ذیلی ونگز کے عہدیدار بنی گالہ طلب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)رائے ونڈ مارچ سے پہلے تحریک انصاف ایک بار پھر اختلافات کا شکار ہو گئی۔ عمران خان نے ذیلی ونگز کے عہدیداروں کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ ادھر حکومت مخالف مارچ کے لئے تحریک انصاف کی تیاریاں تو جاری ہیں لیکن اندرونی اختلافات نے پارٹی کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ خواتین لیبر اور یوتھ ونگ ختم کئے جانے پر عہدیداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ریجنل صدور کے ماتحت کام کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ پارٹی فیصلے پر دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔ عمران خان نے صورتحال کے پیش نظر تمام ذیلی ونگز کے عہدیداروں کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان انصاف نعیم الحق نے پارٹی میں اختلاف کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے تنظیمی معاملات میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خبریں تنظیمی امور سے لاعلمی اور بدنیتی کا شاخسانہ ہیں۔ تحریک انصاف میں تمام اہم امور پر فیصلہ سازی باہمی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کارکنوں اور ذمہ داروں کو اپنی آراء کا اظہار کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ اجتماعی فیصلے پارٹی میں موجود ہر شخص پر لاگو ہوتے ہیں۔