کراچی کی صورت حال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں ، امریکہ

کراچی کی صورت حال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں ، امریکہ

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ کراچی کی صورت حال کا قریبی جائزہ لے رہا ہے اور اس امر سے پوری طرح آگاہ ہے کہ وہاں سکیورٹی فورسز نے پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے والے ایم کیو ایم کے کچھ ارکان کو گرفتار کیا ہے، ان آپریشنز میں ایم کیو ایم کے اپنے دفاتر کو گرانے اور بند کرنے کی کارروائیاں بھی شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ بیان امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے گزشتہ روزپریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں دیا۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے لیڈروں کو حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے جن کا الزام یہ ہے کہ سکیورٹی فورسز ماورائے عدالت ہلاکتیں کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے میں مصروف ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ اس طرح کے معاملات پر ہم پاکستانی حکام سے معمول کے مطابق بات چیت کرتے رہتے ہیں، تاہم اس سلسلے میں واشنگٹن میں ایم کیو ایم کے لیڈروں کے امریکی حکام سے رابطے کی انہیں اطلاع نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول