مرحوم پوزیشن ہولڈر بیٹے کا گولڈ میڈل وصول کرتے باپ کی حالت غیر، شرکا آبدیدہ

مرحوم پوزیشن ہولڈر بیٹے کا گولڈ میڈل وصول کرتے باپ کی حالت غیر، شرکا آبدیدہ

ملتان، وہاڑی (سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی) آہ !میرا جگر کا ٹکڑا دنیا سے چلا گیا‘ آج فرسٹ پوزیشن لینے پر اس کا انعام وصول کرتے وقت شدت سے اس کی یاد آرہی ہے ‘کاش وہ یہاں موجود ہوتا تو اسے سینے سے لگا کر پیار کرتا ‘ ‘تعلیمی بورڈ ملتان کے تحت انٹر میڈیٹ جنرل سائنس گروپ طلبا میں فرسٹ پوزیشن لینے والے وہاڑی کے وقاص رؤف کا گولڈ میڈل ‘کیش انعام ‘سرٹیفکیٹ اور گلدستہ لیتے ہوئے اس کے والد نیاز محمد کی حالت غیر ہو گئی ‘ نیاز محمد آنسوؤں سے لبریز سٹیج پر آئے اوربیٹے کا انعام وصول کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے ‘ ان کی ہچکی بندھ گئی‘ اللہ تعالیٰ کو پیارا ہو گیا‘ وقاص رؤف کے والد نیاز محمد نے بتایا کہ وقاص رؤف ہونہار ‘باادب ‘ متقی و پرہیز گار تھا‘گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج وہاڑی سے اس نے امتحان دیا اور 11جولائی کو خالق حقیقی سے جا ملا ‘ انہو ں نے کہا کہ آج پوزیشن ملنے پر انہیں بیٹا بہت یاد آرہا ہے‘ نیاز نے بتایا کہ وقاص نے لاہور میں فاسٹ یونیورسٹی میں داخلے کے لئے اپلائی کیا‘ رات11:46بجے کتاب بند کی ‘ والد کی ٹانگوں پر سر رکھا‘چہرے پر مسکراہٹ آئی اور کچھ دیر کے بعد نیم بے ہوش ہوگیا‘اسے ہسپتال لے کر گئے تو ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد کہا کہ افسوس کہ وقاص کو ہارٹ اٹیک ہو اہے اور وہ اب اس دنیا میں نہیں رہا ‘ نیاز محمد نے کہا کہ میرا بیٹا بہت پیارا تھا ‘ ہم میاں بیوی اسے یاد کرتے ہیں تو آنکھوں سے آنسو نہیں رکتے ‘ نیاز محمد نے بتایا کہ اس کا بڑا بیٹا حادثے میں وفات پا گیا تھا ‘ اب وقاص چل بسا ‘اب ایک بیٹا ہے ‘ اللہ اس کی عمر دراز کرے !اس موقع پر صوبائی وزیر آصف سعید منہیس اور چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان ریاض احمد ہاشمی نے نیاز محمد کو دلاسا دیا اور انہیں گلے سے لگایا‘ یہ منظر دیکھ کر ہال میں موجود تمام افراد کی آنکھیں نم ہو گئیں‘ہال میں خاموشی طاری ہو گئی ‘ خصوصی طور پر وقاص کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی‘ تمام شرکا 2مرتبہ اٹھ کر کھڑے ہوگئے ۔

مزید : صفحہ اول