سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

نیشنل بینک ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ 25 ستمبر سے شروع ہوگا

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام نیشنل بینک ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ 25 ستمبر سے یکم اکتوبر تک بہاولپور میں کھیلاجائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 12 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی جس میں ملک بھر سے ٹیمیں شرکت کریں گی جس میں اسلام ، پشاور ، ایبٹ آباد ، کشمیر، گوجرنوالہ ، لاہور، اوکاڑہ ، فیصل آباد، کوئٹہ ، کراچی اور پی بی سی سی ینگ سٹار شامل ہیں۔ پی بی سی سی ینگ سٹار کی ٹیم نے حیدر آباد، سرگودھا ، اٹک ، شیخوپورہ اور ملتان کے کھلاڑی شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تین رکنی سلیکشن کمیٹی یوسف ہارون ، عبدالرزاق اور طاہر محمود بٹ پر مشتمل ہے تشکیل دے کی گئی ہے ۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 22 کھلاڑیوں کو بھارت میں آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے قومی ٹیم کیلئے شارٹ لسٹ کرینگے ۔

قومی کبڈی ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شرکت کیلئے وانہ ہوگی

8 رکنی قومی کبڈی ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شرکت کیلئے 21 ستمبر کو ویتنام روانہ ہوگی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور کے مطابق ایشین بیچ گیمز 23 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ویتنام میں شروع ہوگی جس میں 6 کھلاڑی اور 2 آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ کھلاڑیوں میں ناصر علی، اخلاق حسین، کاشف، ابرار حسین، عمران اور ارسلان شامل ہیں جبکہ افیشلز میں میجر نبیل رانا کوچ اور محمد رمضان بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے ۔

کامن ویلتھ گیمز 2022ء کی میزبانی جنوبی افریقہ کریگا

جنوبی افریقن شہر ڈربن 2022ء میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کرے گا، کامن ویلتھ گیمز کی 85 سالہ تاریخ میں جنوبی افریقہ میگا گیمز کی میزبانی حاصل کرنے والا پہلا افریقی ملک بن گیا۔ میگا گیمز 18 سے 30 جولائی کو منعقد ہوں گے۔ رواں برس فروری میں کینیڈا کے میگا گیمز کی میزبانی کی دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد جنوبی افریقہ میزبانی کیلئے واحد امیدوار تھا۔ قبل ازیں برطانیہ 6 مرتبہ گیمز کی میزبانی کرچکا ہے، آسٹریلیا اور کینیڈا نے 4 مرتبہ، نیوزی لینڈ نے 3 بار جبکہ جمیکا، ملائیشیا اور بھارت نے ایک، ایک مرتبہ گیمز کی میزبانی کا اعزاز پایا، مجوزہ افتتاحی دن عالمی سیاسی رہنما اور جمہوریہ کے پہلے منتخب جمہوری صدر نیلسن منڈیلا کا یوم پیدائش بھی ہے

پاکستان نے 24 سال بعد پیرا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے پیرا اولمپکس میں 24 سال بعد کانسی کا تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔برازیل کے شہر ری ڈی جنیرو میں جاری پیرا اولمپکس میں لانگ جمپ کے مقابلوں میں 31 سالہ حیدر علی نے کانسی کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔ 1992 کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پیرا ولمپکس کے مقابلوں میں کسی پاکستانی نے تمغہ جیتا۔ حیدرعلی نے 6 اعشاریہ 28 میٹر طویل جمپ لگا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔چین کے کھلاڑی نے 6 اعشاریہ 77 میٹر کی جمپ لگا کرسونے کا تمغہ اپنے نام کیا جب کہ برازیل کے کھلاڑی نے 6 اعشاریہ 53 میٹر کی چھلانگ لگا کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اولمپکس میں شاندار کامیابی سے پہلے حید رعلی نے 2008 میں بیجنگ پیرااولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

کم کلسٹر اور اینڈی راڈک انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شمولیت کیلئے نامزد

سابق عالمی نمبر ایک بیلجیئم کی سٹار پلیئر کم کلسٹر اور امریکی پلیئر اینڈی راڈک کو آئندہ برس انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شمولیت کیلئے نامزد کر دیا گیا ہے۔ ہال آف فیم کے صدر سٹین سمتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ کلسٹر اور راڈک دنیائے ٹینس کے بہترین پلیئر تھے اور انہوں نے ٹینس کی دنیا میں اپنا نام چھوڑا ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں دونوں ہال آف فیم میں شامل ہونے کے اہل ہیں ہال آف فیم میں شمولیت کیلئے ووٹنگ رواں برس کے آخر میں ہوگی جبکہ حتمی نامزد کھلاڑیوں کا اعلان آئندہ سال کیاجائے گا ۔

ایشیاکپ کیلئے پاکستان کی18رکنی خواتین ہاکی ٹیم کااعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ کیلئے پاکستان کی 18 رکنی خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ۔ حنا کنول کپتان اور رضوانہ یاسمین نائب کپتان ہوں گی۔تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ کیلئے پی ایچ ایف نے خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم میں سیدہ سعدیہ، عشرت عباس، مرینہ انور، تسکین کوثر، نفیسہ انور، اقرا جاوید، عائشہ بشیر، زیب النسا، مائرہ صابر، ثنا اللہ دتہ، کلثوم شہزادی، افشاں نورین، عنبرین ارشد، حنا پرویز، ساحل ملک اور کلثوم منیر شامل ہیں جبکہ متبادل کھلاڑیوں میں رشنا خان، رمشہ الیاس، ثنا ارشد،ماہ جیبن، حمرا لطیف اور ذکیہ نواز کو منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعید خان مینجر اور ہیڈ کوچ جبکہ محمد عثمان ٹیم کے کوچ ہوں گے۔ ویمنز ایشیا کپ یکم سے نو اکتوبر تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلا جائیگا۔

ویلٹا سائیکل ریس ، بیسواں مرحلہ پیئر لاٹور نے جیت لیا

ویلٹا سائیکل ریس کا بیسواں مرحلہ فرانس کے پیئر لا ٹورنے جیت لیا ہے ۔ ٹور آف سپین سائیکل ریس کیبیسویں مرحلے میں رائیڈرز نے اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے ۔ دنیا بھر سے شریک سائیکلسٹس نے ایک سو ترانوے اعشاریہ دو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے لیے بھرپور محنت کی ۔ ریس کے دوران ایک مداح کے ٹریک پر آنے کے باعث حادثہ بھی پیش آیا لیکن زیادہ نقصان نہ ہوا ۔ فرانس کے رائیڈر پیئر لا ٹور نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے کم وقت میں فنش لائن عبور کی ۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ پانچ گھنٹے ، انیس منٹ اور اکتالیس سیکنڈز میں طے کیا ۔ ایونٹ میں کولمبیا کے نائرو کی مجموعی برتری برقرار ہے ۔

مزید : ایڈیشن 1