تحریک انصاف کے رائیونڈ میں دھرنے کے اعلان کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش

تحریک انصاف کے رائیونڈ میں دھرنے کے اعلان کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کی طرف سے رائے ونڈ میں دھرنے کے اعلان کے خلاف دائردرخواست کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کردی ہے ۔فاضل جج نے اس سفارش کے ساتھ درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کو بھجوادی ہے۔ رائے ونڈ میں دھرنے کے اعلان کے خلاف مقامی شہری عاطف ستار نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ عمران خان حکمران جماعت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کر رہے ہیں جس سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خطرہ ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ دھرنے کے اعلان کے بعد حکمران جماعت مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہونے کا اندیشہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو رائے ونڈ میں دھر نا دینے سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ اسی نوعیت کی ایک درخواست کی سماعت کررہا ہے۔

مزید : صفحہ آخر