پولیس افسروں اور ڈولفن فورس نے ڈی آئی جی کے احکامات ہوا میں اڑادئے
لاہور(اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے ) پولیس افسروں اور ڈولفن فورس نے ڈی آئی جی کے احکامات ہوا میں اڑادئے۔ایکسائزکی جانب سے نمبرپلیٹس ملنے اور ڈی آئی جی کی ہدایت کے باوجود نمونہ نمبرپلیٹس آویزاں نہیں کی جاسکیں۔تفصیلا ت کے مطا بق شہریوں کی غیرنمونہ نمبرپلیٹس پر قانونی کارروائی کرنے والی پولیس خود قانون سے بالاتر ہے۔لاہور پولیس کے ایس پیزاور ڈی ایس پیزکو ملنے والی نئی گاڑیوں کو مئی میں محکمہ ایکسائزمیں رجسٹریشن کے بعد نمبرپلیٹس الاٹ کردی گئی تھیں لیکن افسروں کی گاڑیوں پرابھی تک نمبرپلیٹس آویزاں نہیں کی گئیں اسی طرح ڈولفن فورس کی تین سوسے زائد موٹرسائیکلوں کو جولائی میں رجسٹریشن کے بعد نمبرپلیٹس جاری کی گئی تھیں لیکن لوگوں کی موٹرسائیکلوں کی نمبرپلیٹس کی چیکنگ کرنے والوں کی اپنی موٹرسائیکلوں پرتاحال نمبرپلیٹس آویزاں نہیں کی جاسکیں۔ڈی آئی جی ڈاکٹرحیدر اشرف کی جانب سے ایک ہفتہ قبل شہربھرکے تمام افسروں کو مراسلہ کے ذریعے ہدایت جاری کی گئی تھی کہ اپنی گاڑیوں کو نمونہ نمبرپلیٹ لگا لیں، اس کے باوجود گاڑیوں اور ڈولفن فورس کی موٹرسائیکلوں پرنمبر پلیٹس نہیں لگائی جا سکیں۔