پنجاب میں کومبنگ اور سرچ آپریشن جاری، اب تک 50سے زائد دہشتگرد ہلاک ہو چکے

پنجاب میں کومبنگ اور سرچ آپریشن جاری، اب تک 50سے زائد دہشتگرد ہلاک ہو چکے

ہور(رپورٹ :محمد یونس باٹھ)سیکیورٹی فورسز نے رواں ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف حصوں میں کومبنگ و سرچ آپریشن جاری رکھے جس کے دوران اب تک ایک فراری کمانڈر سمیت 50سے زائد دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 650سے زائد گرفتار بھی کئے گئے ہیں ۔گرفتار ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی ہے ۔سب سے زیادہ کارروائی پنجاب اور بلوچستان کے سرحدی علاقہ میں کی گئی ہے جہاں 100سے زائد دہشتگردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جن میں سے ایک درجن سے زائد مارے بھی گئے ہیں ۔جبکہ سینکڑوں مشتبہ افراد کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں ۔مصدقہ اطلاعات کے مطابق راجن پور میں ہونے والے سرحدی علاقہ میں فورسز کا کومبنگ آپریشن اب بھی جاری ہے اور اس میں گن شپ ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا۔تازہ کارروائیوں میں فراری کمانڈر بگی سمیت 35دہشتگرد مارے گئے ،82کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کی 50خواتین اور بچوں کو آرمی ہاوس بلوچستان منتقل کر دیا گیا۔آپریشن کے دوران جھڑپ میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوئے ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران 70سے زائد افراد فرار ہو گئے جن میں سے 10فراری کمانڈرز کا اب بھی تعاقب جاری ہے ۔پنجاب بھر میں ہونے والے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو بھاری مقدار میں گو لہ بارود ،ہینڈ گرنیڈ اور 100سے زائد بھارتی ساختہ و کراس گنیں ملی ہیں ۔کراس گن انتہائی مہلت ہتھیار بیان کیا گیا ہے جس کی گولی 6سے 7انچ لمبی ہینڈ گرنیڈ شکل کی ہوتی ہے ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اب تک پنجاب میں ہونے والے صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 650 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں سے 32،وہا ڑی سے 135،ننکانہ سے 25،سیالکوٹ سے 120،گجرات ،سرائے عالمگیر، شیخوپورہ سے 24کارندوں سمیت 15مبینہ دہشتگردکھاریاں اور لالہ موسی سے 60،اوکاڑہ سے 72فیصل آباد میں 58بہاولنگر میں 12،منڈی بہاولدین میں20اور قصور میں 80سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے ۔پکڑے جانے والوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق یہ تمام کارروائیاں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر کی ہیں ۔ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کے قریب ایک کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایک ایجنٹ بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔جبکہ ڈسکہ سے بھی دہشتگردوں کے پکڑے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن سے 5ایس ایم جی ،2ہینڈ گرنیڈ ،آر پی جی سیون لانچر سمیت دیگر تخریبی مواد ملا ہے ۔ذرائع کے مطابق محرم الحرام کی آمد سے قبل ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم سے قبل مساجد اور امام بارگاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں ڈولفن سکوارڈ اور پیرو فورس کے اہلکاروں کو گشت کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔

کومبنگ اور سرچ آپریشن

مزید : صفحہ آخر