الخدمت کراچی کے تحت شہر میں بڑے پیمانے پر قربانی کی گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ،چیف ایگزیگیٹیو الخدمت کراچی انجینئر سلیم اظہر نے ضلع جنوبی میں اجتماعی قربانی کے مختلف مراکز کا دورہ کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبدالوحد شیخ ، الخدمت کراچی کے ڈاریکٹر میڈیا اینڈمارکیٹنگ نوید علی بیگ و دیگر بھی موجود تھے ،تفصیلات کے مطابق ہرسال کی طرح امسال بھی غیر ملکی تنظیموں نے الخدمت پر اعتماد کااظہارکرتے ہوئے سینکڑوں جانوروں کی قربانی الخدمت کے اشتراک سے انجام دیں اور الخدمت کے رضاکاروں کے تعاون سے نہ صرف شہر بلکہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں مستحقین میں گوشت تقسیم کیا گیا۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے اجتماعی قربانی کے ایک مرکز پر قربانی بھی کی ،اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے راشد نسیم نے کراچی کے غریب اورمستحق افراد کو یاد رکھنے پرعوا م الناس سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے دیانت اور امانت کی اقدارکو فروغ دیا ہے‘نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں لوگ الخدمت پر اعتمادکر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اور جماعت اسلامی خوشی اور غمی کے ہرموقع پر ناداراوربے سہاراافراد کو یاد رکھتی ہے اوران کی ہر ممکن مدد کے ذریعے انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرتی ہے۔ اس موقع پرچیف ایگزیگیٹیو الخدمت کراچی انجینئر سلیم اظہرنے کہا کہ الخدمت بلاامتیاز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ، امسال کراچی میں بڑے پیمانے پر قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے بڑی تعدادمیں الخدمت کوقربانی فی سبیل اللہ اورکھالیں دے کر اپنے اعتماد کااظہارکردیا ہے ،انہوں نے شہریوں سے اظہارتشکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔انھوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ سپر ہائی وے و دیگر مقامات پر قائم ہونے والی مویشی منڈیوں سے کچرے اور غلاظت کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کیا جائے ،نیز شہر بھر میں پھیلی ہوئی قربانی کی آلائشوں کو بھی ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے اگر فوری طور پر انتظامات نہیں کئے گئے تو شہر میں وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔