وزیر اعظم کی مداخلت پر 24 غیر ملکی طلباءگجرات جیل سے رہا
اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم میاں نواز شریف کی مداخلت پر مختلف ممالک سے دین کی تعلیم کے لئے آنے والے 24 غیر ملکی نو مسلم طلباءکو ڈسٹرکٹ جیل گجرات سے رہا کردیا گیا،ہوم ڈیپارٹمنٹ کے حکم پر پولیس نے ان طلباءکیخلاف زائد مدت تک قیام کے الزام میں درج ہونے والا مقدمہ بھی واپس لے لیا طلباءکا جیل کے باہر چار سو سے زائد علماءدینی مدارس کے طالبعلموں اور شہریوں نے والہانہ استقال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔
تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت نے کچھ عرصہ قبل چین ، سوڈان ، فلپائن ، انڈونیشیا قازقستان اور ترکی کا تبلیغی دورہ کیا جہاں متعدد غیر مسلم دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ان ممالک سے مجموعی طور پر 24 طلباءدین کی تعلیم حاصل کرنے پاکستان آگئے جنہیں گجرات کے قریب مکی مسجد میں رکھا گیا جہاں وہ مختلف اساتذہ کی زیر نگرانی تعلیم حاصل کررہے تھے.
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
چند روز قبل گجرات پولیس نے ان طلباءکو اچانک حراست میں لے لیا جس پر مدرسے کی انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ ویزے کی معیاد میں اضافہ کیلئے ڈی سی او گجرات کو درخواست دے دی گئی ہے جہاں سے جلد منظوری آجائیگی، اسلئے غیر ملکی طلباءکو چھوڑا جائے لیکن پولیس نے ان طلبا کیخلاف تھانہ لاری اڈا میں زائد مدت قیام کے الزام میں مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھجوادیا۔