نواز شریف باہر چلے گئے اور وزیراعظم ہاوس شہزادی نے سنبھال لیا، پنجاب پولیس کوئی حماقت نہ کرے: کپتان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف باہر چلا گیا ہے اور شہزادی نے ایک بار پھر وزیراعظم ہاوس سنبھال لیا۔ مریم نواز تو ٹی وی پر جھوٹ بولتے پکڑی گئی۔حمزہ شہباز پنجاب میں قاتلوں کی سرپرستی کر رہا ہے وہ اپنے باپ کی غیر موجودگی میں وزیراعلیٰ بن جاتا ہے۔انہوں نے ڈاکٹروں، وکلا، نرسوں ،کسانوں اور طلبہ سمیت تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ باہر نکلیں آج ملک کو بچانے کی جنگ لڑنی ہے اگر باہر نہ نکلے تو ملک کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اب یہ مارچ رکے گا نہیں ۔ یہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے لوگ تھک چکے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ قوم اس وقت تھکے گی جب اس کا کپتان تھکے گا اور ان کا کپتان تھکنے والا نہیں۔ انہوں نے پنجاب پولیس کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا امتحان شروع ہو گیا ہے اب آپ کو یہ ثابت کرنا ہے کہ آپ اس ملک کی پولیس ہو یا نواز شریف کے ذاتی غلام ہو۔اگر ہمیں روکا گیا تو ہم کسی صورت نہیں رکیں گے ایسی حماقت نہ کی جائے۔ہمارے کسی کارکن کو پہلے سے اٹھانے کی کوشش کی گئی تو ہم پولیس سٹیشنوں کے باہر مظاہرے کریں گے میں ان میں خودشرکت کرونگا۔اگر رائیونڈ میں ہم پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا تو یاد رکھو یہ وہ جماعت نہیں جس نے 30اگست کو اسلام آباد میں مار کھائی ۔ میں خبردار کرتا ہوں کہ جو بھی نقصان ہوا اس کے بعد سارے پنجاب میں سڑکوں پر نکلیں گے جو بھی ردعمل ہوگا اس کے ذمہ دار شریف برادران اور پولیس کے افسر ہونگے ۔ ہم نے اپنے وکلا کی پینل بھی بنا دیئے ہیں جو عدالتوں میں جاکر اس احتجاج کی اجازت حاصل کریں گے۔