خوشحال ایکسپریس، حادثہ، لمحہ فکریہ!

خوشحال ایکسپریس، حادثہ، لمحہ فکریہ!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


خوشحال ایکسپریس کو حادثہ پیش آ گیا اور ایکسپریس ٹرین کی آٹھ بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں اس حادثے میں 30سے زیادہ مسافر زخمی ہو گئے اور کئی گھنٹے تک ریل ٹریفک بھی معطل رہی، امدادی ٹرین اور مددگار عملے کو پہنچنے میں بھی تاخیر ہوئی۔وفاقی وزیر ریلوے نے جو دو نئی ریل گاڑیاں چلائیں اور وزیراعظم نے افتتاح کیا یہ پہلے سے موجود روٹوں پر ہی شروع کی گئیں کہ ماضی میں یہ بند کر دی گئی تھیں، اس حادثے کے بعد اور اس سے پہلے بھی اس پر بحث ہوئی۔ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پہلے تبصرہ کیا کہ یہ گھاٹے کا سودا ہے اور ان گاڑیوں کی بحالی سے سالانہ 20کروڑ روپے کا نقصان ہوگا، تاہم وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیدنے یہ اعتراض رد کر دیا تھا اور کہا کہ ریل گاڑی سستی سواری ہے اور ہم عوام کو سہولت پہنچانا چاہتے ہیں، شیخ رشید کے مطابق دونوں ٹرینوں کے لئے بوگیاں ریلوے کی اپنی ورکشاپ میں تیار ہوئیں، محکمہ کے محنت کشوں نے دن رات لگا کر ان کو تیار کیا۔ تزئین و آرائش کی انہوں نے کام کرنے والے کارکنوں کو پانچ پانچ ہزار روپے انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔ شیخ رشید اس سے پہلے بھی ریلوے کے وزیر رہ چکے اس لئے ان کے تجربہ سے انکار شاید ممکن نہ ہو، لیکن یہ دعویٰ محل نظر ہے کہ وہ ایک سال میں ریلوے کو ہونے والا چالیس ارب روپے کا نقصان ختم کر دیں گے، یہ ایک الگ مسئلہ ہے اس وقت زیربحث موضوع حادثہ ہے۔ خواجہ سعد رفیق کے مطابق اس خطرے سے پہلے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ اس ر وٹ پر پٹریاں کمزور ہونے کے باعث حادثے کا خطرہ ہے، ان میں سے کون سی بات درست ہے اس کا اندازہ تو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوگا، تاہم تحقیقات میں یہ اہم نکتہ بھی شامل کرنا ضروری ہے کہ ریلوے ٹریک بوجھ کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا تو ایکسپریس گاڑی کیوں چلائی گئی؟ بادی النظر میں یہ حادثہ بھی کمزور ٹریک اور تیز رفتاری کے باعث ہوا۔ہماری گزارش ہے کہ ریلوے وزیراپنا جذبہ فزوں ضرور رکھیں، غریبوں کو سہولت بھی دیں لیکن ان کے لئے یہ بھی لازم ہے کہ اپنے غریب مسافروں کی جان و مال کا بھی تحفظ کریں۔ اس لئے بہتر ہو گا کہ تمام ریلوے لائنوں کا تکنیکی معائنہ کراکے جا نچا جائے کہ کہاں کہاں سے کمزوری ہے اور بہتری کے لئے کیا ضرورت ہے کیونکہ اگر بوگیوں کی مرمت اور تزئین ضروری ہے تو جس پٹڑی پر یہ چلتی ہیں اس کی مضبوطی بھی لازم ہے، اس لئے تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھا جائے۔

مزید :

رائے -اداریہ -