پریس کونسل آف پاکستان کے جنرل باڈی کا سترہواں اجلاس، صدارت ڈاکٹر ایم صلاح الدین نے کی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پریس کونسل آف پاکستان کے جنرل باڈی کا سترھواں اجلاس چیئرمین ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقدہ ہوا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل نے کہا کہ پریس کونسل آف پاکستان نہ صرف آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے بلکہ صحافتی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنانا چاہتی ہے ، اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی سی پی کو دیا گیا بجٹ ناکافی ہے جس میں اضافہ نا گزیر ہے ، تاکہ کونسل اپنے معاملات احسن طریقے سے چلا سکے ، اجلاس میں پریس کونسل کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس لینے اور انکوائری کمیشن کے کئے گئے فیصلوں پر تفصیل سے بحث کے ساتھ توثیق کی گئی ، اجلاس میں پریس کونسل کے صوبائی دفاتر کھولنے پر بھی زور دیا گیا ، اجلاس میں مجیب الرحمن شامی، ارشاد عارف، ناصرزیدی، انور ساجدی ، خورشید تنویر، عائشہ اکرام، فہیم گوہر بٹ، شہزادہ ذوالفقار ، اور ماریہ اقبال ترانہ نے شرکت کی ، اجلاس میں ممبران کی جانب سے پرنٹ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا گیا اور ایسے کسی بھی اقدام کو آزادی صحافت کے خلاف قراردیا گیا، دوسری جانب کونسل کے ملازمین کے سروس رولز نہ بننے کی بھی پر زور مذمت کی گئی ، اور قرار داد منظور کی گئی کہ وزارت خزانہ جلد از جلد ملازمین کے سروس رولز منظور کرکے ان کے بنیادی حقوق دلوائے ، اجلا س کے اختتام پر فوت ہوجانے والے صحافیوں اوردیگر مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی ۔