عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے تحریک قومی اسمبلی میں پیش،کسی چیز کو خفیہ نہیں رکھنا چاہتے ،پارلیمانی کمیٹی با اختیار ہو گی:شاہ محمود قریشی

عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے تحریک قومی اسمبلی میں ...
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے تحریک قومی اسمبلی میں پیش،کسی چیز کو خفیہ نہیں رکھنا چاہتے ،پارلیمانی کمیٹی با اختیار ہو گی:شاہ محمود قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکراسدقیصرکی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے تحریک پیش کر دی گئی ۔یاد رہے کہ ن لیگ نے عام انتخابات کے بعد مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا جسے پی ٹی آئی کی جانب سے منظور کر لیا گیاہے اور آج حکومت کی جانب سے تحریک بھی پیش کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکراسدقیصرکی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر وزرا بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے تحریک وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے پیش کی ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے انتخابات کے بعدپارلیمانی کمیشن کامطالبہ کیا، ہم کسی چیزکوپوشیدہ نہیں رکھناچاہتے،شفاف انتخابات جمہوریت کی ضرورت ہیں اور پارلیمانی کمیٹی تحقیقات کیلئے بااختیارہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا  کہ ایوان کی رائے سے قائم ہونے والی کمیٹی یقیناً بااختیار ہوگی،تحریک انصاف نے شفاف الیکشن کے لیے طویل جدوجہد کی، ہم اصولی طور پر سب کچھ قوم کے سامنے رکھنے کو تیار ہیں اور کسی چیز کو پوشیدہ نہیں رکھنا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی تحقیقات کے لیے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) تیار کرے گی اور آئندہ دھاندلی کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات تجویز کرے گی۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی مشاورت سے کمیٹی کے چئیرمین کو نامزد کیا جائے گا، ارکان قومی اسمبلی کمیٹی میں شامل ہوں گے، سینیٹ ارکان کی نمائندگی کمیٹی میں نہیں ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایسی کمیٹیوں کی سربراہی حکومت کے پاس ہی ہوتی ہے، گزشتہ دور میں بھی ایک کمیٹی بنی تھی جس کی سربراہی اسحٰق ڈار نے کی تھی جبکہ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی متناسب نمائندگی ہوگی۔