”وفاقی حکومت ساڑے پانچ ہزار ارب روپے ۔۔۔“ مفتاح اسماعیل نے ایسے حقائق بیان کردیئے کہ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کو کفایت شعاری خود سے شروع کرنی چاہئے تھی، وفاقی حکومت ساڑھے پانچ ہزار ارب روپے خرچ کرتی ہے، اس سے تین چار سو ارب روپے بچا لیتے تاکہ ان کی کفایت شعاری کا اظہار ہوتا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے نان فائلرزکو گاڑیاں اور جائیداد خریدنے کی اجازت دے کر کھلی آزادی دیدی ہے کہ جو جی چاہئے باہر سے مرسیڈیز منگوائے اور ڈیڑھ دو لاکھ دے دے ۔ اس کے بعد ہم اس سے کچھ نہیں پوچھ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر پیسے کا تخمینہ لگایا تھا اور کوئی بھی چیز نہیں چھپائی تھی ۔ اس حوالے سے حکومت کا یہ کہنا کہ ہم نے پیسے چھپائے تھے یہ بات درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو کفایت شعاری خود سے شروع کرنی چاہئے تھی ۔ وفاقی حکومت ساڑھے پانچ ہزار روپے سالانہ خرچ کرتی ہے اس سے تین چار سو ارب روپے بچا لیتے ۔ تحریک انصاف بہت ساری ایسی چیزیں کرسکتی تھی جو یہ نہیں کرسکے ، جن کو ہم نے سدھارا تھا ، ان کو حکومت نہیں سنبھال سکی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں بر آمدات میں ساڑھے 13فیصد اضافہ ہواہے ۔حکومت نے سی پیک کواون کرلیاہے جو کہ ایک اچھی بات ہے کیونکہ چین نے ہمارا اس وقت ساتھ دیاجب دنیا میں کوئی ہمارا ساتھ نہیں دے رہا تھا اور ہمیں اس بات کو نہیں بھولناچاہئے ۔