سعودی عرب اور ایران میں بڑھتی ہوئی کشیدگی ،اہم عرب ملک نے اپنی فوج کو الرٹ کردیا
کویت سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں اور خطے کی صورتحال کے پیش نظر کویت نے مسلح افواج کو ہائی الرٹ کردیا۔ نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق کویت کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ الشیخ صباح الخالد الصباح نے یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کو ملک سیکیورٹی کو غیر مستحکم کرنے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کویت تیل تنصیبات پر حملوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں آرامکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ عبقیق اور مغربی آئل فیلڈ خریص شامل ہیں۔امریکہ نے ان حملوں کے پیچھے ایران کو ذمہ دار ٹھہرا یا تھا جس کے بعد سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔